حیدرآباد۔/19نومبر، ( سیاست نیوز) ورلڈ پیس اینڈ پراسپریٹی فاؤنڈیشن (WPPF) لندن کی جانب سے ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب زاہد علی خاں کو اُن کی صحافتی، ملی اور سماجی خدمات پر ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا۔ یہ ایوارڈ 21 نومبر کو لندن کے ہاوز آف لارڈز میں منعقد ہونے والی تقریب میں دیا جائے گا۔ ورلڈ پیس اینڈ پراسپریٹی فاؤنڈیشن کے ایوارڈ کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے جناب زاہد علی خاں کو ایوارڈ کیلئے منتخب کیا۔ اس سلسلہ میں فاؤنڈیشن کے عہدیدار فرانسیس اسٹینٹن نے اپنے مکتوب کے ذریعہ جناب زاہد علی خاں کو اس فیصلہ سے واقف کرایا۔ اس تقریب میں برطانیہ کے کئی اہم سیاسی قائدین اور شاہی خاندان کے نمائندے شرکت کریں گے۔ ورلڈ پیس اینڈ پراسپریٹی فاؤنڈیشن گزشتہ چند برسوں سے نمایاں خدمات کیلئے نامور شخصیتوں کو ایوارڈز پیش کررہی ہے۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے پرنس محسن علی خاں اس فاؤنڈیشن کے صدرنشین ہیں۔ یہ فاؤنڈیشن ایک رضاکارانہ تنظیم ہے جو برطانیہ اور دنیا کے دیگر حصوں میں تعلیم اور دیگر شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہے۔ ایوارڈ تقریب میں شرکت کیلئے جناب زاہد علی خاں لندن کیلئے روانہ ہوگئے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں فاؤنڈیشن کے صدرنشین نے حیدرآباد کے دورہ کے موقع پر جناب زاہد علی خاں کو ایوارڈ دیئے جانے کے فیصلہ سے واقف کرایا اور تقریب میں شرکت کی درخواست کی تھی۔ غریب اور اقلیتی طبقات کے لئے روز نامہ ’سیاست‘ کی تعلیمی، سماجی اور ملی سرگرمیوں کے بارے میں اس تقریب کے شرکاء کو واقف کرایا جائے گا۔ جناب زاہد علی خاں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی پہلی شخصیت ہیں جنہیں فاؤنڈیشن نے ایوارڈ کے لئے منتخب کیا ہے۔