واشنگٹن ۔26 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ امریکی صدارتی انتخابات کے لئے ایک ماہ اور چند ایام کا عرصہ باقی رہ گیا ہے ، ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے ایشین پیسفیک امریکن ایڈوائزری کمیٹی کے لئے ہندوستانی نژاد امریکی شہریوں کی تقرری کی ہے ۔ کمیٹی میں زائد از 30ارکان ہیں جن میں ہندوستانی نژاد امریکی شہری پُنیت اہلووالیہ جن کا تعلق ورجینیا سے ہے ، کے وی کمار جن کا تعلق کیلیفورنیا سے اور الینائے کے ساکن شلبھ کمار شامل ہیں۔ ٹرمپ کیمپین نے آج یہ اعلان کیا ۔ اس دوران ری پبلکن ہندوکولیشن کے بانی شلبھ کمار نے کہاکہ اب ہم نئی تاریخ رقم کرنے والے ہیں ۔ یہ ہمارے لئے کسی تحریک سے کم نہیں کہ ہم اس صدارتی انتخابات کے عمل کو اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں اور ہمیں پوری اُمید ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ امریکہ کے آئندہ صدر ہوں گے ۔ انھوں نے کہاکہ ٹرمپ کے زیرانتظام امریکہ کے ہندوستان کے ساتھ تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے ۔پنیت اہلووالیہ ورجینیا کی ایشین ۔ امریکن اینڈ پیسفیک آئی لینڈر (AAPI)کی مشاورتی کونسل کے رکن ہیںجبکہ کے وی کمار قبل ازیں عالمی بینک سے وابستہ تھے ۔ اہلووالیہ نے کہا کہ یہ اُن کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ وہ ٹرمپ کی AAP ایڈوائزری کمیٹی کا حصہ ہیں۔