ایڈمرل جان ہیری ہیریس جنوبی کوریا میں امریکہ کے نئے سفیر

کینبرا۔ 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایڈمرل ہیری ہیرس جو پیسیفک میں امریکی فورسیس کے کمانڈر ہیں، کو جنوبی کوریا کیلئے امریکہ کا آئندہ سفیر مقرر کیا جائے گا۔ قبل ازیں ان کی تقرری آسٹریلیا کیلئے زیرغور تھی۔ آسٹریلیا کی وزیر خارجہ جولی بشپ نے بتایا کہ انہیں اس بات کی اطلاع عبوری وزیر خارجہ جان سولیون کی جانب سے دی گئی ہے۔ سڈنی میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے جولی بشپ نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس وقت کوریائی جزیرہ نما کو لے کر امریکہ کو متعدد چیلنجس کا سامنا ہے۔ حالانکہ آسٹریلیا کے لئے اگر ہیری ہیریس کو امریکی سفیر مقرر کیا جاتا تو ہم اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے لیکن یہ امریکہ کا داخلی معاملہ ہے۔ ہم اس میں کچھ نہیں کرسکتے۔ آسٹریلیا اور امریکہ کے بے حد خوشگوار تعلقات رہے ہیں اور ہم یہ بات اچھی طرح سمجھتے ہیں کہ امریکہ، آسٹریلیا کے لئے کسی مناسب ترین شخصیت کا انتخاب بطور سفیر کرے گا۔ جولی بشپ نے کہا کہ سولیون نے یہ بھی واضح کردیا ہے کہ اس وقت امریکہ میں نئے وزیر حارجہ کی تقرری کو اولین ترجیح دی جارہی ہے۔ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے ہیرس کو آسٹریلیا کے آئندہ سفیر کیلئے ماہ فروری میں نامزد کیا تھا۔ یہ جان کر آپ کو تعجب ہوگا کہ 2016ء میں امریکن آسٹریلین اسوسی ایشن کے صدر جان ہیری کی جانب سے سفیر کے عہدہ سے دستبرداری کے بعد یہ عہدہ مخلوعہ ہے۔