ایڈز سے متعلق ترمیمی بل کو کابینہ کی منظوری

نئی دہلی، 05 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) اب ایچ آئی وی پازیٹیو سے متاثر کسی شخص کو اپنے مرض کے بارے میں بتانے کے لئے پابند نہیں کیا جا سکے گا اور اس کی رضامندی کے بعد ہی اس کی اس بیماری کے بارے میں جانا جائے گا لیکن عدالت کے حکم پر اسے اپنے مرض کی معلومات فراہم کرنی ہونگی۔ اس سلسلے میں ایچ آئی وی اور ایڈز ترمیمی بل (روک تھام اور کنٹرول) 2014 کی تجویز کو آج کابینہ نے منظوری دے دی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج کابینہ کی ہوئی میٹنگ میں اس بل کی ترمیم کو منظوری دی گئی۔ اس بل سے ایچ آئی وی سے متاثرہ شخص کے ساتھ امتیازی سلوک کو روکا جا سکے گا اور مریض کے علاج کی رازداری کو برقرار رکھا جائے گا۔ نئی ترمیم کے مطابق اب کسی ادارے یا اسکول کی طرف سے روزگار یا تعلیم دینے یا میڈیکل کے لئے کسی شخص کے ایچ آئی وی کا ٹیسٹ لازمی کرنے پر روک لگا دی گئی ہے ۔