نئی دہلی، 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج راجیہ سبھا میں بتایا کہ ہندوستانی پیشہ ور افراد کو ایچ ون بی ویزا جاری کرنے کے معاملے پر امریکی انتظامیہ سے ہر سطح پر مذاکرات جاری ہے لیکن اب تک اس میں کوئی اہم تبدیلی نہیں ہو ئی ہے ۔ سشما سوراج نے وقفہ سوالات کے دوران کانگریس کے آنند شرما کے سوال کے جواب میں کہا کہ حالیہ برسوں میں ہندوستانی پیشہ ور افراد کو ایچ ون بی ویزا جاری کرنے میں اضافہ ہواہے ۔ سال 2014 میں 1.08 ملین ایچ ون بی ویزا جاری ہوئے تھے جن کی تعداد 2017 میں بڑھ کر 1.29 ملین تک پہنچ گئی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ہندوستانیوں کو ایچ ون بی ویزا جاری کرنے میں سال 2016 کے مقابلے میں 2017میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ایچ ون بی ویزا جاری کرنے پر سختی کا خطرہ برقرار ہے ۔ حکومت پرزور کوشش کر رہی ہے ۔ ہر سطح پر اس سلسلے میں گفتگوکی جا رہی ہے ۔ امریکی کانگریس کے ارکان کے ساتھ بھی اس پر بات چیت جاری ہے ۔ اس کیساتھ ہی انہوں نے خود امریکی ہم منصب کے ساتھ بات چیت کی ہے جبکہ وزیر خزانہ اور صنعت اور وزیر تجارت اپنے ہم منصبوں کیساتھ مذاکرات کر چکے ہیں۔سشما سوراج نے کہا کہ اس سال ستمبر میں یہاں ہو نے والے ‘ٹو پلس ٹو’ مکالمے کے دوران بھی اس مسئلے کو زور و شور سے اٹھایا جائے گا۔