پسماندہ طبقات کا استحصال ، یوگیندر یادو قومی کنوینر سواراج ابھیان کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔3فبروری(سیاست نیوز) قومی کنونیر سواراج ابھیان یوگیندر یادو نے حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کے ہونہار پی ایچ ڈی طالب علم روہت ویمولہ کی خودکشی پر شدید افسوس کا ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ قومی سطح پر یونیورسٹیز میںیوجی ایس کے نئے قوانین کو نظر انداز کئے جانے کی وجہہ سے روہت ویمولہ جیسے طالب علم خودکشی پر آمادہ ہورہے ہیں اور اب تک آٹھ ہونہا ر طلبہ نے خودکشی کے ذریعہ اپنی جان دیدی ہے جن کا تعلق دلت طبقے سے ہے۔ یوگیندر یادو نے پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ روہت ویمولہ کے علاوہ سابق میںخودکشی کرنے والے دلت طلبہ صدیوں سے ذات پات کے نام پر تعلیمی اداروں میںمن مانی کرنے اور معاشی پسماندگی کاشکار طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ کا استحصال کرنے والی سازشوں کاشکار ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ تعلیمی اداروں میں نسلی اور طبقے واری عصبیت کاشکار طلبہ کے ساتھ انصاف کے لئے یونیورسٹی گرانٹ کمیشن کی سفارشات پر عمل آوری درکار ہے ۔ یوگیندر یادونے کہاکہ اس ضمن میںسوارج ابھیان قومی سطح کی تحریک شروع کریگا جس میں یونیورسٹی گرانٹ کمیشن کی ان سفارشات کے متعلق طلبہ اور عوام میںشعور بیداری مہم بھی چلائے گا جس کا مقصدتعلیمی اور معاشی پسماندگی کاشکار طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے ساتھ انصاف کویقینی بنایا جاسکے۔تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی چیرمن پروفیسر کودنڈارام نے بھی تائید وحمایت کرتے ہوئے ٹی جے اے سی کی جانب سے سوارج ابھیان کا ہرممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ شریمتی چھایہ رتن ‘ جناب عادل محمد ‘ جناب محمد عارف نے بھی تلنگانہ میں دلت اور دیگر پسماندہ طبقات کے ساتھ جاری ناانصافیوں کی روک تھام کے لئے اس تحریک میںبڑھ چڑ ھ کا حصہ لینے کا اعلان کیا۔