ایچ اے ایل کی ناقص حالت نے یو پی اے

میں رافیل معاملت کو ناکام بنایا: نرملا سیتارامن
نئی دہلی ۔ 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) یو پی اے حکومت میں 126 رافیل جیٹ طیاروں کی حصولیابی کیلئے مذاکرات ناکام ہوئے کیونکہ سرکاری زیرانتظام ہندوستان ایروناٹکس لمیٹیڈ (ایچ اے ایل) کے پاس درکار قابلیت نہ تھی کہ ہندوستان میں فرانسیسی کمپنی کے ساتھ اشتراک میں جیٹ طیارے تیار کئے جاسکتے، وزیردفاع نرملا سیتارامن نے آج یہ بات کہی۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ 2013ء میں جب لاگت سے متعلق مذاکرات کی کمیٹی اس معاملت کو قطعیت دے رہی تھی تب اس وقت کے وزیردفاع اے کے انٹونی کی عدیم النظیر مداخلت نے بیڑا غرق کردیا۔ رافیل جیٹ کی لاگت سے متعلق فرانسیسی کمپنی کے ساتھ کئی دور کی بات چیت ناکام ہوگئی۔

فضائیہ کی لڑاکا جیٹ ضرورتوں کے بارے
میں وزیردفاع کی دروغ گوئی : کانگریس
نئی دہلی ۔ 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج وزیردفاع نرملا سیتارامن پر انڈین ایرفورس (فضائیہ) کو درکار لڑاکا طیاروں کی تعداد کے تعلق سے جھوٹ بولنے کا الزام عائد کیا اور ان کے دعوے کو غلط بتایا کہ آئی اے ایف کے پاس 126 لڑاکا جیٹ طیارے رکھنے اور ان کی دیکھ بھال کرنے کا انتظام نہیں ہے۔ کانگریس کے ترجمان اعلیٰ رندیپ سرجے والا نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کا 126 لڑاکا طیاروں کی ضرورت کو من مانی طور پر گھٹا کر 36 کردینا ناقابل وضاحت ہے۔ سرجے والا نے اعادہ کیا کہ ان کی پارٹی رافیل معاملت میں جوائنٹ پارلیمنٹری کمیٹی رپورٹ کا مطالبہ کرتی ہے۔