ایچ ایم ڈی اے حدود میں 124 جائیدادوں کا ہراج

گولکنڈہ میں زیادہ قیمت ، رنگاریڈی میں کم قیمت ، 300 کروڑ سے زائد آمدنی کا منصوبہ
حیدرآباد۔29مارچ(سیاست نیوز) حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے ایچ ایم ڈی اے حدود میں 124 جائیدادوں کے ہراج کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں اور سب سے زیادہ قیمت گولکنڈہ منڈل موضع شیخ پیٹ میں موجود ایچ ایم ڈی اے کی اراضیات کی طئے کی گئی ہے جبکہ سب سے کم قیمت کی اراضیات ضلع رنگاریڈی کے ہی منڈل راجندرنگر موضع میلاردیوپلی کی اراضیات کی طئے کی گئی ہیں۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے الکٹرانک ہراج کے ذریعہ جائیدادوں کی فروخت کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ جائیدادوں کے خریداروں کی بھاری تعداد نے ایچ ایم ڈی اے کی ویب سائٹ پر ہراج میں حصہ لینے کیلئے رجسٹریشن کروانا شروع کردیا ہے ۔ حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے جاری کردہ اراضیات کی تفصیلات کے مطابق 2251.47 مربع گز اراضیات جو کہ 8حصوں میں منقسم ہیں ان کی قیمت 10 ہزار روپئے فی مربع گز متعین کی گئی ہے جبکہ ضلع رنگاریڈی کے منڈل گولکنڈہ موضع شیخ پیٹ میں 11ہزار 371.87 مربع گز اراضیات کی نشاندہی کی گئی ہے جو 4حصوں میں منقسم ہیں اور ان کی قیمت 63 ہزار روپئے مربع گز طئے گئی ہے اسی طرح شیخ پیٹ موضع میں ہی 1774.96 مربع گز اراضی کے دو حصہ فروخت کیلئے پیش کئے گئے ہیں اور ان کی قیمت بھی 63ہزار روپئے فی مربع گز رکھی گئی ہے۔ حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے کھلی اراضیات جو ایچ ایم ڈی اے کی ملکیت ہے انہیں فروخت کرتے ہوئے 300 کروڑ سے زائد کی آمدنی حاصل کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور اسی منصوبہ کے تحت ایچ ایم ڈی اے نے 124 جائیدادیں مختلف منڈلوں و مواضعات میں فروخت کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا ہے اور خریداروں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ آن لائن ہراج میں حصہ لینے کے لئے آن لائن رجسٹریشن کروائیں ۔ جن اراضیات کی فروخت کا فیصلہ کیا گیا ہے ان اراضیات کی مکمل تفصیلات ایچ ایم ڈی اے کی ویب سائٹ پر فراہم کردی گئی ہیں اور ان تفصیلات کے ساتھ قطعہ اراضی ‘ قیمت اور جملہ قیمت کے علاوہ گوگل میاپ سے حاصل کیا گیا نقشہ بھی موجود ہے تاکہ ان کھلی اراضیات کی نشاندہی میں کوئی کوتاہی نہ ہو۔ان 124 جائیدادوں میں عطا پور‘ شیرلنگم پلی‘ مادھا پور ‘ حیات نگر‘ ونستھلی پورم‘ آر سی پورم کے علاوہ شہر کے اطراف کے کئی منڈلوں کی اراضیات شامل ہیں۔