حیدرآباد۔18مئی ( این ایس ایس ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ایچ ایم ڈی اے میں کام کرنے والے آؤٹ سورسنگ ملازمین کو دوبارہ واپس لینے سے اتفاق کرلیا ہے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریاستی حکومت نے ایچ ایم ڈی اے کے انتظامی اُمور کو بہتر بنانے کے ایک حصہ کے طور پر آؤٹ سورسنگ ملازمین کو برطرف کردیا تھا ۔ لیکن چیف منسٹر نے برطرف ملازمین کے خاندانوں کے حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اُن کی بازماموری کا فیصلہ کیا ہے ۔ایک دوسرے فیصلے میں چیف منسٹر نے سکندرآباد کے بالاکمار کو پانچ لاکھ روپئے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے جو 1969ء کی تلنگانہ تحریک کے دوران پولیس فائرنگ میں پاؤں پر گولی لگنے کے سبب زخمی ہوئے تھے اور ایک پاؤں سے محروم ہوگئے تھے ۔ بالا کمار گذشتہ کئی سال سے اپنی زندگی کی گذربسر کیلئے پبلک ٹیلیفون بوتھ چلارہے تھے لیکن اب موبائیل فون عام ہوجانے کے سبب ان کا کاروبار بری طرح متاثر ہوگیا تھا اور وہ شدید مالی پریشانیوں کا شکار ہوگئے تھے ۔ بالاکمار نے میٹوگوڑہ میں چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے نمائندگی کی تھی ۔