نئی دہلی۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کالے دھن کی تحقیقات کرنے والی اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم ایس آئی ٹی نے پتہ چلایا ہے کہ ایچ ایس بی سی کی فہرست میں شامل 600 سے زیادہ بینک کھاتوں میں کوئی رقم موجود نہیں ہے، صرف 100 سے زیادہ ناموں کے کھاتوں میں رقم موجود ہے۔ اس کی وجہ سے ان کے خلاف کارروائی متاثر ہورہی ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس فہرست میں شامل 300 افراد کے خلاف مقدمہ دائر کرنے پر غور کررہا ہے جو 628 افراد میں شامل ہیں جن کے نام حال ہی میں سپریم کورٹ کو فراہم کئے گئے ہیں۔ ایس آئی ٹی نے اطلاع دی ہے کہ جنیوا کے تقریباً 289 کھاتوں میں کوئی رقم نہیں ہے جبکہ ان میں سے 122 کے نام دہرائے گئے ہیں۔ ایس آئی ٹی نے پتہ چلایا ہے کہ فہرست میں شامل افراد کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کے لئے کوئی تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔ یہ پتہ نہیں چل سکا کہ کھاتے کب کھولے گئے تھے اور ان سے لین دین کی تفصیلات بھی معلوم نہیں ہوسکیں۔ ایس آئی ٹی کے سربراہ سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج ایم بی شاہ اور نائب صدرنشین ریٹائرڈ جسٹس اریجیت پسائیت نے کہا کہ محکمہ انکم ٹیکس نے 150 تلاشیاں ان افراد کے خلاف کی ہیں، لیکن مقدمہ دائر کرنے کیلئے ضروری ثبوت حاصل نہیں ہوسکے۔