لندن ۔23 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایچ ایس بی سی نے آج بتایا کہ اُسے ہندوستانی ٹیکس ڈپارٹمنٹ سے سمن وصول ہوا ہے ۔ یہ بینک مبینہ طورپر ٹیکس چوری ، رقمی خردبرد اور غیرقانونی سرحد پار بینکنگ کی بناء کئی ممالک میں تحقیقات کا سامنا کررہا ہے ۔ بینک نے کہاکہ مختلف ممالک میں ٹیکس حکام کی اُسے تحقیقات کا سامنا ہے ، بالخصوص سوئس بینکنگ یونٹ نے مبینہ بے قاعدگیوں کے تعلق سے یہ تحقیقات کی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں اُسے بھاری جرمانے عائد ہوسکتے ہیں۔ برطانیہ میں واقع اس بینک نے ایک اور بیان میں کہا کہ اُسے امریکہ اور دیگر حکام سے بھی یہ درخواست موصول ہوئی ہے کہ ہندوستان میں ایچ ایس بی سی کمپنی میں راست امریکہ میں موجود صارفین کی تفصیلات فراہم کی جائیں ۔ یہ مقدمہ اُن این آر آئیز سے تعلق رکھتا ہے جنھیں امریکہ میں امریکی ٹیکس قوانین کی مبینہ طورپر خلاف ورزی کی تحقیقات کا سامنا ہے ۔ ایچ ایس بی سی کے سوئیس بینک یونٹ میں تقریباً ایک لاکھ اکاؤنٹ ہولڈرس کی فہرست کا حال ہی میں افشاء ہوا جن میں 1195 ہندوستانی شامل ہیں۔ اس کے بعد ہندوستان میں ہندوستان کے علاوہ دیگر ممالک نے مختلف پہلوؤں سے معاملہ کی تحقیقات شروع کردی ہے ۔ اس دوران تنازعہ کا شکار ایچ ایس بی سی کے سی ای او اسٹرٹ گلیور کو جاریہ سال تنخواہ میں اضافہ سے محروم رکھا گیا ہے ۔ اُن پر سوئیس بینک اکاؤنٹ رکھنے کا الزام ہے اور گزشتہ سال ہی اُن کی تنخواہ میں 12.5 ملین ڈالرس کی کٹوتی کی گئی تھی۔ بینک نے اپنی سالانہ رپورٹ میں یہ انکشاف کیا کہ اسٹرٹ گلیور کا مجموعی پے پیاکیج 2014 میں 7.62 ملین پاؤنڈ رہا جو پیشرو سال سے 8.03 ملین پاؤنڈ کم ہے ۔