حیدرآباد ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست نیوز) ادویات کی قیمتوں کو باقاعدہ بنانے والے مرکزی ادارہ نیشنل فارماسیوٹیکل پرائزنگ اتھاریٹی (این پی پی اے) نے مریضوں بالخصوص ایچ آئی وی ؍ ایڈس اور تپ دق (ٹی بی) کے علاج کیلئے مہنگی ادویات تک رسائی کی جدوجہد میں پریشان افراد کو ایک بڑی راحت پہنچاتے ہوئے 46 ادویات اور ان کے مرکبات و امتزاج کی قیمتوں کی حد مقرر کرتے ان کی قیمتوں پر کٹرول کو یقینی بنایا ہے۔ ان مہنگی ادویات کی نئی قیمتیں آج یکم ؍ اپریل سے نافذ العمل ہوگئیں۔ اس ادارہ نے ان ادویات کے تمام تیار کنندگان کو جو برینڈیڈ یا جنیرک شکلوں میں فروخت کی جاتی ہیں، مقررہ حد کے مطابق نظرثانی کرتے ہوئے نئی قیمتوں کی پابندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان ادویات کے تیار کنندگان سے کہا گیا ہیکہ وہ صرف اس صورت میں مقامی محصول عائد کرسکتے ہیں جب انہیں مقررہ حدود قیمتوں پر حکومت کو ٹیکس ادا کرنا لازمی ہوگا یا پھر وہ پہلے ہی یہ ٹیکس ادا کرچکے ہیں۔ میکرولیمس، فینی ٹوئین، ایزیتھرومائینس، ریفامپیسن، ایماٹینب، ریٹوناویہ، ایبا کاویر وغیرہ جیسی ادویات بھی ان 46 ادویات کی فہرست میں شامل ہیں جن کی قیمتوں کی حد مقرر کی گئی ہے۔