ایپّا دیکشانہ رکھنے ڈی سی پی سنٹرل زون کے حکم پر بجرنگ دل کا احتجاج

حیدرآباد۔ یکم ڈسمبر ( این ایس ایس ) بجرنگ دل اور وشوا ہندو پریشد کے تلنگانہ اور آندھراپردیش یونینوں نے آج عابد روڈ پر دھرنا منظم کیا اور ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون کی طرف سے جاری کردہ اُس میمو سے دستبرداری کا مطالبہ کیا جس کے ذریعہ انہوں نے اپنے ماتحت کے افسران کو ہدایت کی تھی کہ ڈیوٹی پر رہتے ہوئے وہ ’’ سابری ملائی دیکشا‘‘ ( ایپا سوامی پوجا) کیلئے مخصوص سیاہ لباس استعمال نہ کریں ۔ بجرنگ دل نے ڈی سی پی کے میمو کی مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس اعلیٰ پولیس افسر کا اقدام ہندو دھرم کے اُمور میں مداخلت کے مترادف ہے جس سے ملک کے اکثریتی طبقہ کے مذۃبی جذبات مجروح ہوتے ہیں ۔ ڈی سی پی سنٹرل زون کی طرف سے 25نومبر کو جاری کردہ ان احکام کے خلاف بجرنگ دل نے آج تلنگانہ کے مختلف مقامات پر احتجاج کیا ۔ زعفرانی تنظیم کے میڈیا انچارج بھارت ومسی نے کہا کہ ڈی سی پی سنٹرل زون نے اپنے ماتحین کو ہدایت کی تھی کہ وہ ڈیوٹی پر رہتے ہوئے سابری ملائی دیکشا کا اہتمام نہ کریں اور اگر وہ دیکشا رکھنا ہی چاہتے ہیں تو رخصت حاصل کریں ۔ بھارت ومسی نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ تمام مذاہب کے ساتھ یکساں سلوک کرے اور ووٹ بینک سیاست کرنے سے باز رہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کا کوئی بھی ملازم دیکشا رکھ سکتا ہے ۔ بجرنگ دل اور وی ایچ پی کی جانب سے اُن ( دیکشا رکھنے والوں) کا تحفظ کیا جائے گا ۔