ایٹم گرل ممیت خان سے ایس آئی ٹی کی 6 گھنٹے پوچھ تاچھ

حیدرآباد۔ 27 جولائی (سیاست نیوز) منشیات کیس میں آج آٹھویں دن تلگو فلم اداکارہ ممیت خان آبکاری بھون پہنچ کر ایس آئی ٹی کے 4 خاتون آفیسرس کے سوالات کا جواب دیا۔ خون کے نمونے، سَر کے بال اور پیر کے ناخن دینے سے ممیت خان نے انکار کردیا۔ 28 جولائی کو ٹالی کے مشہور ایکشن ہیرو روی تیجا پوچھ تاچھ کیلئے ایس آئی ٹی سے رجوع ہوں گے۔ ٹالی ووڈ ایٹم گرل کی حیثیت سے مشہور ممیت خان مقامی تلگو ریالٹی شو ’’بگ باس‘‘ کی رکن ہیں اور منشیات کیس کے معاملے میں ایس آئی ٹی کے عہدیداروں نے ’’بگ باس‘‘ انتظامیہ سے ممیت خان کو پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا۔ بگ باس انتظامیہ نے اپنی سکیورٹی میں کل شام 6 بجے حیدرآباد کو روانہ کیا اور وہ آج صبح 9:40 بجے نامپلی میں واقع آبکاری بھون پہونچی۔ خواتین پر مشتمل ایس آئی ٹی ٹیم نے ممیت خان سے 6 گھنٹوں تک منشیات کیس کے تعلق سے پوچھ تاچھ کی۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ممیت خان نے کئی سوالات پر لاعلمی کا اظہار کیا اور کلوین سے تصاویر اور اس کے فون میں ان کے نمبر پر شک کرنے پر حیرت کا اظہار کیا۔ جب انہیں دونوں کے درمیان واٹس ایپ پر چیاٹنگ کا ثبوت پیش کیا گیا تو ممیت خاں نے بتایا کہ کیلوین کو وہ بحیثیت ایونٹ مینجمنٹ جانتی ہیں۔ فلمی پروگرامس اور پارٹیوں میں ان سے کبھی بھی ملاقات ہوجاتی تھی، لیکن انہوں نے کبھی منشیات کا استعمال نہیں کیا ، نہ ہی کسی سے منگوایا اور نہ ہی کسی کو سربراہ کیا۔ منشیات کا ٹالی ووڈ سے تعلق اور فلمی شخصیتوں کی جانب سے ڈرگس کا نشہ کرنے، پب میں ڈرگس سربراہ ہونے جیسے کئی سوالات کئے گئے۔ فلم ڈائریکٹر پوری جگناتھ سے ان کی جان پہچان اور ان کی پارٹیوں میں منشیات سربراہ ہونے کے سوالات پر ممیت خان نے اپنی لاعلمی کا اظہار کیا۔ ان کے ممبئی، گوا کے دورے پر بھی معلومات حاصل کرتے ہوئے پوچھا گیا کہ کیا وہ ممبئی ڈرگس مافیا کے بارے میں کوئی جانکاری رکھتی ہیں۔ گوا جانے کی وجہ کیا ہے۔ کیا آپ نے ٹالی ووڈ کی شخصیتوں کو پارٹی میں ڈرگس سربراہ کیا ہے؟ پوری جگناتھ اور ہیروئن چارمی سے دوستی کے بارے میں بھی سوالات کئے گئے۔ ٹالی ووڈ میں قدم رکھنے سے قبل آپ کیا کرتی تھیں؟ حیدرآباد چھوڑ کر ممبئی کیوں گئیں۔ پب کو جانے کی عادی ہے کیا؟ خالی وقت کہاں گذارتی ہیں؟ زیادہ تر ایٹم سانگ کرنے ولی آپ فلم یونٹ کے ساتھ بنکاک کے علاوہ بیرونی ممالک کا دورہ کیوں کرتی ہیں؟ مہینے میں ایک مرتبہ منعقد ہونے والے گوا فیسٹیول میں آپ کیا کرتی ہیں؟ تلگو فلم اسٹار ترون اور نودیپ کے پب کو کتنی بار گئیں؟ ہر سوال کو پہلے ٹالنے کی کوشش کرنے والی ممیت خان کو ایس آئی ٹی خاتون عہدیداروں کی جانب سے ٹھوس ثبوت سامنے رکھنے کے بعد فلم ڈائریکٹر پوری جگناتھ، منشیات کے اہم ملزم کیلوین کے تعلق سے پوچھے گئے کئی سوالات پر جواب دیتے ہوئے اہم معلومات فراہم کی ہیں۔ پوچھ تاچھ کے بعد میڈیا سے بات چیت کئے بغیر ہی ممیت خاں روانہ ہوگئیں۔