ایودھیا میں مجسمہ رام کی تعمیر کا اعلان، رام مندر کے حل کو جلد قطعیت

مسئلہ ایودھیا کو دستور کے تحت حل کیا جائیگا، سادھوؤں، سنتوں سے ملاقات کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ کی پریس کانفرنس

لکھنؤ ۔ 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے ایودھیا میں بڑے پیمانے پر دیوالی کے جشن کی میزبانی کرنے کے ایک دن بعد آج کئی اہم اعلانات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایودھیا میں لارڈ رام کا ایک بڑا مجسمہ تعمیر کیا جائے گا اور اس عہد کا اظہار کیا کہ ایودھیا میں عالیشان رام مندر کی تعمیر کے ضمن میں مذاکرات قطعی مرحلہ میں پہنچ چکی ہیں نیز اس مسئلہ کو بہت جلد حل کرلیا جائے گا۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے گذشتہ روز ایودھیا میں دیوالی کے جشن کی میزبانی کی تھی، جس میں جنوبی کوریا کی خاتون اول کم چونگ سوک نے بھی شرکت کی تھی۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے ضلع فیض آباد کا نام بدلتے ہوئے اس کو ایودھیا کا نام دیا تھا۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے دیوالی کے موقع پر ہندو دھرم کے سادھو، پجاریوں، سنتوں اور مہنتوں سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایودھیا میں لارڈ رام کا ایک انتہائی بلند مجسمہ نصب کیا جائے گا جو اس شہر کی شناخت بن جائے گا۔ رام مورتی کی تنصیب کے لئے دو مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے رام مندر مسئلہ کو جلد حل کرلینے کا عہد کیا اور کہا کہ اس ضمن میں جاری کوششیں قطعی مرحلہ میں پہنچ گئی ہیں۔ یوگی نے کہا کہ ’رام مندر ایودھیا میں تھا، ہے اور رہیگا‘۔ انہوں نے کہا کہ دستور کے دائرہ کے تحت ہی رام مندر کے مسئلہ کو حل کیا جائے گا۔ ضلع فیض آباد کا نام بدل کر ایودھیا رکھا گیا ہے۔ لارڈ رام کی یادیں ہمارے دلوں سے مٹائی نہیں جاسکتیں۔ رام جنم بھومی۔ بابری مسجد مقدمہ کی سماعت کو سپریم کورٹ کی طرف سے جنوری 2019ء تک مؤخر کردیئے جانے پر مرکز اور ریاست میں برسراقتدار بی جے پی سے ہندو سادھوؤں، سوامیوں، سنتوں، مہنتوں کو مایوسی کی قیاس آرائیوں کے درمیان یوگی آدتیہ ناتھ نے آج چند سادھوؤں سے ملاقات کی۔ بعدازاں کہا کہ ’’تمام سنت و سادھو میرے ساتھ ہیں‘‘۔ ایودھیا میں آج بڑے پیمانے پر دیوالی تقاریب منائی گئیں۔ چیف منسٹر نے ایودھیا دیپااتسو 2018ء کے زیرعنوان منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کیا۔ دریائے سرجو کے کنارے ’رام کی پائیدی‘ میں منعقدہ یہ تقریب فیس بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہوگئی جہاں 3,01,152 ’دیئے‘ روشن کئے گئے تھے۔ چیف منسٹر ’رام راجیہ‘ میں لارڈ رام کے نام پر ترقی کیلئے ریاستی حکومت کی طرف سے 175 کروڑ روپئے مختص کئے جائیں گے۔ انہوں نے ایودھیا میں لارڈ رام کے والد راجہ دسرتھ سے موسوم ایک نئے میڈیکل کالج قائم کی تعمیر کا اعلان بھی کیا۔

دیوالی پر یوگی ادتیہ ناتھ کا دورہ رام مندر
ایودھیا ۔ 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر یوپی یوگی ادتیہ ناتھ نے آج متنازعہ بابری مسجد ۔ رام جنم بھومی مقام کا دورہ کیا۔ وہ کئی قدیم مندروں کو بھی گئے اور دریائے سرجو کے کنارے لارڈ رام کے مجوزہ مجسمہ کے مقام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایک دن قبل خاتون اول جنوبی کوریا کم جونگ چوک کے ساتھ جو ہندوستان کا دورہ کررہی تھیں، آرتی بھی اتاری۔ عوام کا کثیر ہجوم ان کے دورہ کے موقع پر جمع ہوگیا تھا۔ چنانچہ پولیس نے حفاظتی انتظامات میں شدت پیدا کردی۔