لکھنو ۔ 3 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : اترپردیش بی جے پی قائدین کے مطابق ایودھیا میں دریائے سرایو کے کنارے لارڈ رام کا بڑا مجسمہ نصب کرنے کا منصوبہ ہے ۔ ایودھیا میونسپل کارپوریشن کے مئیر رشی کیش پادھیائے نے پی ٹی آئی سے کہا کہ’ ایودھیا میں دریائے سرایو کے کنارے لارڈ رام کا 151 میٹر بلند مجسمہ نصب کرنے کی تجویز ہے ۔ اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ دیو دیپاولی کے موقع پر اس کا اعلان کریں گے ‘ ۔ مئیر نے مزید کہا کہ مٹی کا معائنہ کرنے کے بعد ہی مجسمہ کی تنصیب کے مقام کو قطعیت دی جائے گی ۔ تلسی داس گھاٹ کے قریب میں مجسمہ کی تنصیب متوقع ہے ۔ عہدیدار دو تین مقامات کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ جس کے بعد موزنیت کے اعتبار سے بہترین مقام کا انتخاب کیا جائے گا ۔ آزاد ہند کے پہلے وزیر داخلہ سردار پٹیل کے 182 میٹر بلند مجسمہ کی گجرات میں وزیراعظم نریندر مودی کے ہاتھوں نقاب کشائی کے بعد مئیر اپادھیائے نے یہ اعلان کیا ہے ۔۔