متھرا۔ 27 فبروری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) ایودھیا کے رام جنم بھومی تنازعہ کے اہم فریق اکھل ’بھارتیہ پنچ راما نندی نرمان انی اکھاڑہ‘ کے مہنت دھرم داس مہاراج نے کہا کہ مریادا پروشوتم رام مندر کی جلد تعمیر شروع ہو جائے گی۔گووردھن میں شنکرآچاریہ ادھوکشجانند تیرتھ کے ساتھ منعقد دو روزہ سنت سمیلن میں شرکت کرنے آئے مہنت دھرم داس نے کہا کہ رام مندر کی تعمیر کیلئے ہی وہ گری راج جی کی پریکرما کرنے آئے ہیں۔ انھوے نے کہا کہ یہاں منعقدہ سنت سمیلن کا مقصد مثبت ہے۔ سنتوں کا خیال ہے کہ وہ مندر کی تعمیر جلد شروع کرنے کے قابل ہوں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ سنت جلد ہی وزیر اعظم سے ملاقات کرکے یہاں لئے گئے فیصلے سے انہیں آگاہ کرائیں گے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ رام جنم بھومی کا فیصلہ ان کے حق میں ہی آئے گا۔اس طرح کے اعتماد ظاہر کرنے کی وجہ پوچھنے پر مہنت دھرم داس مہاراج نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ وہ آستھا (عقائد)کی بنیاد پر غور نہیں کریں گے اور صرف ثبوت کی بنیاد پر اراضی پر فیصلہ دیں گے ۔ اسلئے وہ پر اعتماد ہیں کہ فیصلہ رام جنم بھومی کے حق میں ہی ہوگا۔ ایودھیا کی جس زمین کو متنازعہ بنا دیا گیا ہے،حقیقت یہ ہے کہ دستاویز میں اس کی ملکیت رام للا کے نام ہے اور ان کے پاس اس کے کاغذات موجود ہیں۔