ایودھیا اور فیض آباد میں سخت حفاظتی انتظامات

ایودھیا ۔ 5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) فیض آباد اور ایودھیا میں وی ایچ پی اور بجرنگ دل کے ’’شوریہ دیوس‘‘ (یوم شجاعت) منانے کے اعلان اور مسلم تنظیموں کی یوم غم منانے کے منصوبہ پر ایودھیا اور فیض آباد میں حفاظتی انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں تاکہ سنگین صورتحال پر قابو رکھا جاسکے۔ اس سلسلہ میں مرکزی حکومت کی جانب سے انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے۔ پولیس، سی آر پی ایف اور آر اے ایف سڑکوں اور حساس مقامات پر تعینات کئے گئے ہیں۔ گاڑیوں، ہوٹلوں اور دھرمشالاؤں کی ایودھیا میں تلاشی لی جارہی ہے۔ وشوا ہندو پریشد نے 6 ڈسمبر کو بابری مسجد کی شہادت کی سلورجوبلی کے موقع پر 6 ڈسمبر کو شاندار پیمانے پر شوریہ دیوس (یوم شجاعت) اور وجے دیوس (یوم فتح) منانے کا اعلان کیا ہے اور عوام سے اپیل کی ہیکہ وہ لال ٹینوں کے ساتھ اپنے گھروں سے باہر نکلیں اور ایودھیا اور فیض آباد میں جمع ہوجائیں۔ بعض ایودھیا اور فیض آباد کی مسلم تنظیموں نے 6 ڈسمبر کو یوم غم منانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ مرکزی مسلم لیگ نے کہا کہ وہ اس دن کو یوم سیاہ کے موقع پر منائیں گے۔ صدرنشین بابری مسجد ایکشن کمیٹی آفاق احمد خان نے پی ٹی آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم گذشتہ 25 سال سے انصاف کے منتظر ہیں۔ حکومت ہند نے بابری مسجد ازسرنو تعمیر کرنے کے اپنے تیقن کی تکمیل نہیں کی۔ فیض آباد کے ایس ایس ٹی سبھاش سنگھ واگھیل نے کہا کہ بھاری جمعیت ایودھیا اور فیض آباد میں تعینات کی گئی ہے۔ پولیس کے ساتھ سی آر پی ایف اور آر اے ایف سڑکوں اور حساس مقامات پر تعینات ہے۔ گاڑیوں، ہوٹلوں اور دھرمشالاؤں کی ایودھیا میں تلاشی لی جارہی ہے۔