ایودھیا، وارناسی اور متھرا میں صیانتی انتظامات میں اضافہ

نئی دہلی ۔ 12 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایودھیا، وارناسی اور متھرا کے مذہبی مقامات کے حفاظتی انتظامات میں شدت پیدا کردی جائے گی کیونکہ محکمہ سراغ رسانی نے اطلاع دی ہیکہ دہشت گرد تنظیمیں ان پر حملہ کرسکتی ہیں۔ یہ فیصلہ آج منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت مرکزی معتمد داخلہ انیل گوسوامی نے کی تھی اور ڈی جی پی سی آر پی ایف دلیپ دیویدی، یو پی کے ڈی جی پی اے آئی بنرجی، پرنسپل سکریٹری (داخلہ) دیپک سنگھ سنگھل اور دیگر شریک تھے۔ زیادہ تعداد میں سی سی ٹی وی کیمرے اور دیگر برقی آلات نئی صیانتی مشق کے مطابق نصب کئے جائیں گے۔ یہ مشق مذہبی مقامات پر کی جائے گی۔ سی آر پی ایف جو مذہبی مقامات کی حفاظت کررہی ہے، ہدایت حاصل کرچکی ہیکہ مزید جمیعت تعینات کی جائے اور 24 گھنٹے چوکسی اختیار کی جائے تاکہ مذہبی مقامات پر دہشت گردوں کے حملے کی کسی بھی امکانی کوشش کو ناکام بنایا جاسکے۔ ایودھیا اور وارناسی میں ماضی میں دہشت گرد حملے ہوچکے ہیں۔