اے سی پی چارمینار سربراہ ۔ فرضی پاسپورٹ کے حصول کی بھی تحقیقات
حیدرآباد ۔ یکم / جنوری (سیاست نیوز) خطرناک روڈی شیٹر ایوب خان کی غیرقانونی سرگرمیوں اور فرضی پاسپورٹ کے حصول کی تحقیقات کیلئے کمشنر پولیس ایم مہیندر ریڈی نے 11 رکنی اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی ہے ۔ یہ ٹیم اندرون ایک ہفتہ رپورٹ ڈی سی پی ساؤتھ زون کے حوالے کریگی ۔ /27 ڈسمبر 2016 ء کو ممبئی ایرپورٹ پر امیگریشن حکام نے ایوب خان کو اس وقت حراست میں لے لیا تھا جب وہ جدہ سے ممبئی پہونچا تھا اور بعد ازاں اسے ساؤتھ زون پولیس کے حوالے کردیا ۔ ایوب خان نے تحقیقات کے دوران بتایا کہ اس نے 2010 ء میں بڑا بازار گولکنڈہ کے پتہ پر ایوب خان ولد سعید الدین خان کے نام سے پاسپورٹ نمبر J-1225657 ہے /22 ستمبر 2010 ء کو حاصل کیا ۔ ایوب خان نے اپنے والد جہانگیر خان کا نام سعید خان ظاہر کرکے تاریخ پیدائش سے بھی چھیڑ چھاڑ کی تھی ۔ فرضی پاسپورٹ حاصل کرنے کے الزام میں کاماٹی پورہ پولیس نے پاسپورٹ ایکٹ اور دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرکے اسے جیل بھیج دیا ۔ روڈی شیٹر کی جانب سے فرضی پاسپورٹ حاصل کرنے کے مسئلہ پر کمشنر پولیس نے تفصیلی تحقیقات کیلئے ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے ۔ اے سی پی چارمینار مسٹر کے اشوک چکرورتی کو ایس آئی ٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جس میں 8 سب انسپکٹر اور دو انسپکٹران شامل ہیں ۔ ایس آئی ٹی روڈی شیٹر ایوب خان کی جانب سے حاصل کردہ فرضی پاسپورٹ کی ہر زاویہ سے تحقیقات کریگی اور اسکے ووٹر شناختی کارڈ ، آدھار کارڈ ، تاریخ پیدائش کا سرٹیفکیٹ وغیرہ کی تفصیلات حاصل کریگی ۔ ایوب خان کو اندرون دو یوم کاماٹی پورہ پولیس 10 دن کی پولیس تحویل میں لیکر مزید تحقیقات کرے گی ۔