ایوان میں تلنگانہ بل پر مباحث کی وکالت

حیدرآباد 7 جنوری ( این ایس ایس ) چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی نے آج کہا کہ ایوان میں تنظیم جدید آندھرا پردیش بل پر مباحث ہونے چاہئیں۔ اسمبلی میں تلنگانہ بل پر ہنگامہ آرائی اور اجلاس کے التوا کے بعد لابی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے اپیل کی کہ وہ اسمبلی میں اس بل پر مباحث میں تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں ہر لمحہ مباحث ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت ضائع کرنا بے سود ثابت ہوگا ۔ اسپیکر اسمبلی مسٹر این منوہر بھی سیما آندھرا قائدین سے تاعون کی اپیل کر رہے ہیں تاکہ تلنگانہ بل پر ایوان میں مباحث ہوسکیں۔ چیف منسٹر نے یہ اعادہ کیا کہ ایوان میں مباحث جاری رہیں گے

اور تمام مسائل پر تبادلہ خیال ہونا چاہئے ۔ قبل ازیں اس سلسلہ میںریاستی وزرا انم رام نارائن ریڈی ‘ رگھو ویرا ریڈی اور وزیر امور مقننہ مسٹر شیلجہ ناتھ نے چیف منسٹر سے ملاقات کرکے تبادلہ خیال کیا ۔ ان وزرا نے تاہم الزام عائد کیا کہ تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس سے تعلق رکھنے والے سیما آندھرا کے ارکان اسمبلی ایوان کی کارروائی میں خلل ڈال رہے ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ اس بل پر ایوان میں مباحث ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس اور تلگودیشم ارکان اسمبلی کو تلنگانہ بل پر مباحث میں حصہ لینا چاہئے

کیونکہ اسی طرح سے اپنے خیالات سے واقف کروایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں کسی طرح کی ترامیم پیش کرنا ہو تو بھی پیش کی جاسکتی ہیں۔ ایوان کی کارروائی میں خلل پیدا کرنا جمہوری عمل کا احترام نہ کرنے کے مترادف ہوگا ۔