عوامی مسائل پر مباحث میں رکاوٹ ، وزیر تعلیم جگدیش ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔17۔نومبر (سیاست نیوز) وزیر تعلیم جگدیش ریڈی نے اپوزیشن جماعتوں پر ایوان میں عوامی مسائل پر مباحث میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام عائد کیا۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے اپوزیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عوامی مسائل پر مباحث اور ان کی یکسوئی میں حکومت سے تعاون کے بجائے اپوزیشن جماعتیں غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کئے جانے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے جگدیش ریڈی نے کہا کہ ایک غیر اہم مسئلہ کو لیکر ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کرنا مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو اس بات کا خوف ہے کہ اس کے دور حکومت میں مخالف عوام پالیسیوں کی حقیقت بے نقاب ہوجائے گی لہذا وہ مباحث کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے عوام کی ضرورتوں اور ان کی خواہشات کے مطابق عام بجٹ پیش کیا ہے، اس کی منظوری کیلئے حکومت وسیع تر مباحث کی خواہاں ہے۔ ایسے وقت جبکہ مختلف محکمہ جات کے مطالبات زر پر مباحث کا آغاز ہونا تھا ، کانگریس پارٹی نے ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کردی۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کے پارٹی سے انحراف کے مسئلہ پر اعتراض کا کانگریس کو کوئی حق حاصل نہیں۔ کانگریس سے تعلق رکھنے والے عوامی منتخب نمائندے سنہرے تلنگانہ کی تشکیل میں حکومت سے تعاون کیلئے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے وائی ایس راج شیکھر ریڈی دور حکومت میں ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کے انحراف کی حوصلہ افزائی کی تھی ۔ آج جو کانگریسی ارکان اسمبلی سیاسی انحراف پر اعتراض کر رہے ہیں ، وہ اس وقت کیوں خاموش تھے، جب راج شیکھر ریڈی نے ٹی آر ایس کے 10 ار کان اسمبلی کو کانگریس میں شامل کرلیا تھا۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی عوامی مسائل پر مباحث سے فرار کا راستہ اختیار کر رہی ہے، انہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ عوامی مسائل پر مباحث کے سلسلہ میں حکومت سے تعاون کریں تاکہ کسانوں ، نوجوانوں اور کمزور طبقات کے مسائل کا حل تلاش کیا جاسکے۔ تلنگانہ حکومت برقی اور زرعی شعبہ کو درپیش مسائل کی یکسوئی کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے۔