این ڈی تیواری نے شیکھر کو بالآخر اپنا بیٹا تسلیم کرلیا

نئی دہلی ۔ 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے بزرگ قائد نارائن دت تیواری نے آخرکار شیکھر کو اپنا بیٹا مان لیا ہے۔ روہت شیکھر نے تیواری کو اپنا والد بتاتے ہوئے دہلی ہائیکورٹ میں معاملہ درج کرایا تھا۔ پچھلے 7 برسوں سے یہ معاملہ عدالت میں زیرغور رہا۔ عدالت کی ہدایت پر نارائن دت تیواری اور شیکھر کا ڈی این اے ٹسٹ بھی انجام دیا گیا۔ ڈی این اے ٹسٹ میں یہ ثابت ہوجانے پر کہ شیکھر این ڈی تیواری کا ہی فرزند ہے انہیں بالآخر یہ اعتراف کرنا پڑا کہ دراصل روہت شیکھر ان کے ہی فرزند ہے۔ تیواری نے روہت کو اپنے گھر بلا کر اس سے ملاقات کی چونکہ ڈی این اے ٹسٹ میں ثابت ہوچکا ہیکہ روہت این ڈی تیواری کے ہی فرزند ہے۔

قبل ازیں ایک چینل سے بات کرتے ہوئے روہت نے کہا کہ نارائن دت تیواری نے مجھے اپنا فرزند تسلیم کرلیا ہے اور آگے کی کارروائی عدالت میں پوری ہوگی۔ واضح رہیکہ روہت نے سال 2008ء میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ این ڈی تیواری کے فرزند ہیں لیکن تیواری اس دعویٰ سے انکار کررہے تھے۔ روہت کی ماں اجولا شرما نے بھی ایک ٹی وی چینل کو بتایا کہ نارائن دت تیواری نے روہت کو اپنا بیٹا تسلیم کرلیا ہے۔ ایک طویل قانونی لڑائی اور ڈی این اے ٹسٹ کے بعد عدالت نے یہ فیصلہ روہت کے حق میں سنایا۔ عدالت نے اپنے فیصلہ میں کہاکہ روہت کانگریس قائد این ڈی تیواری کے ہی حیاتیاتی فرزند ہے۔