این ڈی اے کی بدعنوانیوں پر ٹی آر ایس سے موقف کے اظہار پر زور

دیوار کی بلی کے بجائے اپوزیشن میں شامل ہونے کا مشورہ ، پونم پربھاکر
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر پونم پربھاکر نے این ڈی اے حکومت کی بدعنوانیوں پر ٹی آر ایس کو اپنے موقف کا اظہار کرنے پر زور دیا ۔ دیوار کی بلی بنے رہنے کے بجائے اپوزیشن کے احتجاج میںشامل ہوجانے کا مشورہ دیا ۔ گذشتہ ایک سال کے دوران تلنگانہ کو مرکز سے کتنی امداد حاصل ہوئی اس پر وائیٹ پیپر جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر پونم پربھاکر نے کہا کہ مسٹر نریندر مودی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت بدعنوانیوں کا شکار ہوگئی ہے ۔ کل سے پارلیمنٹ کے اجلاس کا آغاز ہورہا ہے ۔ تمام اپوزیشن جماعتیں این ڈی اے حکومت کی بدعنوانیوں کے خلاف متحد ہورہی ہیں اور احتجاج کرنے کی حکمت عملی تیار کررہی ہیں ۔ ٹی آر ایس دیوار کی بلی نہ بنے بلکہ اپنے موقف کا اظہار کرے۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اپنی دختر کویتا کو مرکزی کابینہ میں شامل کرانے کے لیے تلنگانہ کے مفادات کو نظر انداز کررہے ہیں ۔ جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ تقسیم آندھرا پردیش کے بل میں تلنگانہ میں کوچ فیکٹری ، پاور پراجکٹ اور لوہے کی صنعت پسماندہ اضلاع کو مالی امداد کے علاوہ دوسری اسکیمات کو منظوری دی گئی تھی لیکن ٹی آر ایس حکومت گذشتہ ایک سال کے دوران ان اسکیمات کو حاصل کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ سربراہ ٹی آر ایس تلنگانہ تحریک کے دوران تلنگانہ کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے پارلیمنٹ کی دونوں ایوانوں میں احتجاج کرنے کے باوجود ہمیں بے کار اور ناکارہ قرار دیتے تھے لیکن گذشتہ ایک سال سے ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ نے تلنگانہ کے مفادات کی خاطر کوئی احتجاج نہیں کیا ۔ ہائی کورٹ کی تقسیم مرکزی حکومت اور سپریم کورٹ کو کرنا ہے ۔ مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ نے گورنر کو یادداشت پیش کرنے پر اکتفا کیا ہے ۔ جتنی معلومات وکلاء کو ہیں اتنی معلومات ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ کو بھی نہیں ہیں ۔ نوٹ برائے ووٹ کے معاملے میں ہنگامہ آرائی کرنے والی ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ دیکھتے ہیں پارلیمنٹ میں کیا کرتے ہیں ۔۔