میرا کسی پارٹی سے تعلق نہیں، صدرجمہوریہ کا عہدہ پارٹی سے بالا تر‘ اپوزیشن سے تائید کی اپیل
نئی دہلی 23 جون (سیاست ڈاٹ کام) این ڈی اے کے صدارتی امیدوار رامناتھ کووند نے آج صدرجمہوریہ عہدہ کیلئے اپنے پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ اِس موقع پر اُنھوں نے اپوزیشن سے خواہش کی کہ وہ صدرجمہوریہ کے عہدہ کو پارٹی سیاست سے بالاتر ہوکر دیکھیں کیوں کہ وہ کسی پارٹی سے تعلق نہیں رکھتے۔ جب سے میں گورنر بنا ہوں میرا کسی سیاسی پارٹی سے تعلق نہیں ہے۔ 71 سالہ بی جے پی دلت مورچہ کے سابق سربراہ نے کہاکہ میں صدرجمہوریہ کے عہدہ کو سیاسی پارٹیوں سے بالاتر سمجھتا ہوں۔ وہ بی جے پی امیدوار ہیں اور تقریباً ان کی کامیابی یقینی ہے۔ کووند کے ہمراہ وزیراعظم نریندر مودی، این ڈی اے حکمرانی والی ریاستوں کے چیف منسٹروں کے علاوہ تلنگانہ کے چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ اور ٹاملناڈو چیف منسٹر کے ساتھ دیگر مرکزی وزراء اور حکمراں جماعت کے سینئر قائدین موجود تھے۔ کووند نے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ میرا یہ ایقان ہے کہ صدرجمہوریہ کا عہدہ پارٹی سیاست سے بالاتر ہے اور میں یہی سمجھتا ہوں کہ میرا تعلق کسی پارٹی سے نہیں ہے۔ میں تمام الیکٹورل کالج کے ارکان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ میری تائید کریں۔
صدارتی عہدہ کیلئے اُن کے نام کی کئی سیاسی پارٹیوں نے تائید کی ہے۔ ملک میں دستور ہی اعلیٰ تر ہے اور دستوری عہدہ کی عظیم روایت رہی ہے۔ اِس کی برتری کو برقرار رکھنا ہی نہایت اہم ہے۔ اپنے ایجنڈہ کو پیش کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ وہ ملک کے لئے کام کریں گے اور ہمہ جہتی ترقی پر توجہ دیں گے خاص کر ملک کے نوجوانوں کے جذبات اور احساسات کو پورا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے انھیں عصری تعلیم سے آراستہ کرنے پر توجہ دیں گے۔ میں ایک نئے ہندوستان کے خواب کی تعمیر کو پورا کرنے کی جدوجہد کروں گا۔ یہ ہندوستان آزادی کے بعد سے مسلسل ترقی کررہا ہے اور 2022 ء میں آزادی کی 75 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔ ملک کی سلامتی کے تعلق سے اُنھوں نے کہاکہ صدرجمہوریہ مسلح افواج کا سپریم کمانڈر ہوتا ہے اور وہ ملک کی سلامتی اور سرحدوں کی سکیوریٹی کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان سب سے بڑا اور عظیم تر جمہوری ملک ہے۔ انھوں نے تمام پارٹیوں سے اظہار تشکر کیا جنھوں نے ان کی امیدواری کی حمایت کی ہے۔