ممبئی کے بلدی انتخابات اپنے بل بوتے پر لڑنے کے اودھو ٹھاکرے کے اعلان پر ردعمل
ممبئی ۔ /27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا کو پریشان کرنے کے مقصد سے جس نے بلدی انتخابات میں بی جے پی سے اتحاد کو مسترد کردیا ہے کانگریس اور این سی پی نے ادھو ٹھاکرے زیرقیادت شیوسینا سے مطالبہ کیا کہ وہ مرکز کی این ڈی اے حکومت سے ترک تعلق کرنے کی ہمت کردکھائے ۔ ریاستی صدر کانگریس سنجئے نروپم نے کہا کہ شیوسینا کے تمام وزراء کو مرکز کی این ڈی اے حکومت سے فوری مستعفی ہوجانا چاہئیے ۔ کیونکہ سینا اور بی جے پی کا اتحاد ختم ہوچکا ہے ۔ شیوسینا کے سابق قائد سنجے نروپم نے کہا کہ جب دونوں پارٹیاں دیرینہ حلیف باقی نہیں رہیں تو پھر حکومت میں کیوں شامل ہیں ۔ بلدی انتخابات کیلئے ایک دوسرے سے تعلقات ختم کردینے کا ڈھونگ کیوں رچا جارہا ہے ۔ شیوسینا کے تمام وزراء کو مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے فوری مستعفی ہوجانا چاہئیے ۔ وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ این سی پی قائداہیر نے کہا کہ شیوسینا کو ریاستی اور مرکزی حکومتوں سے دستبردار ہونا چاہئیے ۔ کیونکہ اودھو ٹھاکرے کی بات کو سنجیدگی سے تسلیم کرنا ضروری ہے ۔ صدر این سی پی شردپوار نے کل کہا تھا کہ انہیں شیوسینا ۔ بی جے پی اتحاد کے خاتمہ پر دکھ پہونچا ہے ۔ دریں اثناء صدر پردیش مہاراشٹرا اشوک چاوان نے آج کہا کہ دونوں بھگوا پارٹیاں درحقیقت کرپشن میں شراکت دار ہیں ۔ آئندہ انتخابات میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے کیونکہ شیوسینا ۔ بی جے پی اتحاد باقی نہیں رہا ۔