این ڈی اے حکومت میں اقربا پروری اور درمیانی آدمی کا کلچر ختم

ناگلاچندرابھان (متھرا) ۔ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بحیثیت وزیراعظم اپنی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہاکہ ان کی حکومت نے دہلی میں اقتدار کے مراکز کو تباہ کردیا ہے۔ اقربا پروری اور درمیانی آدمی کے کلچر کو بھی ختم کردیا ہے۔ سابقہ یو پی اے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مودی نے کہا کہ یو پی اے حکومت مزید ایک سال برقرار رہتی تو ملک کو غرق کردیتی۔ مودی نے کہا کہ اب ایسی خبریں نہیں آ رہی ہیں کہ کسی سیاسی لیڈر کے داماد یا فرزند کسی اسکام میں ملوث ہے۔ ان کا حوالہ دراصل سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ واڈرا کے مبینہ اسکامس کی سمت تھا۔ نریندر مودی نے یہاں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں اقتدار کے مراکز کسی دوسرے مراکز سے زیادہ بااثر ہوا کرتے ہیں۔ یہاں سینکڑوں ایسے حلقہ تھے جنہیں تباہ کردیا گیا۔ انہوں نے ادعا کیا کہ این ڈی اے حکومت نے اقربا پروری اور درمیانی آدمی کے کلچر کو ختم کیا ہے۔ ’’ہم نے لوٹ مار، کالا بازاری کے کاروبار کو ختم کیا ہے اور این ڈی اے و یو پی اے حکومت کی کارکردگی میں واضح فرق پیدا کیا ہے۔ کانگریس کا نام لئے بغیر اس پر تنقید کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل انہوں نے وعدہ کیا تھاکہ وہ پنجہ (کانگریس کا انتخابی نشان) کو ملک کے خزانہ کو چھونے کا موقع بھی نہیں دیں گے۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کہا کرتے تھے اگر دہلی میں ایک روپیہ کسی کام کیلئے مختص کیا جائے تو صرف 15 پیسے وہاں تک پہنچتے ہیں۔ مودی نے دعویٰ کیا کہ این ڈی اے حکومت نے ایسے انتظامات کئے ہیں کہ مکمل ایک روپیہ مقررہ کام اور مقررہ نشانہ تک پہنچے۔ حکومت نے دلالوں کا رول ختم کردیا ہے۔ مودی نے دعوی کیا کہ ان کی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کرپشن اور اسکامس سے پاک رہی ہے اور ان افراد کیلئے برے دن آگئے ہیں جنہوں نے اپنے 60 سالہ اقتدار میں ملک کو لوٹا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ افراد آج کل بہت پریشان ہیں۔ جہاں سارے عوام کیلئے اچھے دن آئے ہیں وہیں دلالوں اور اسکامس میں ملوث افراد کیلئے برے دن آئے ہیں۔ اب یہ لوگ شور شرابہ کر رہے ہیں کیونکہ گذشتہ 60 سال میں دہلی میں اقتدار کی راہداریوں میں صرف ان کی آواز سنی جاتی تھی اور ملک ان کی خواہش کے مطابق چلایا جاتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان افراد کیلئے اچھے دن کی ضمانت نہیں دے سکتے جنہوں نے چھ دہائیوں تک ملک کو لوٹا ہے ۔ ہم ایسے انداز میں ملک چلائیں گے کہ اسکامس میں ملوث افراد کیلئے مزید برے دن آجائیں گے اور ان کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگا ۔ عوام کا پیسہ کوئی اور نہیں لوٹ سکتا ۔ بی جے پی نے این ڈی اے حکومت کے ایک سال کی تکمیل پر ملک بھر میں 200 ریلیاں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں اس کے صف اول کے قائدین شرکت کرینگے ۔