این ڈی اے حکومت موافق مزدور ‘ قوانین میں تبدیلی ضروری

مزدوروں کے حقوق کا تحفظ اور استحصال روکنا مقصد : مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ کا خطاب
حیدرآباد 27 جون ( پی ٹی آئی ) مرکز کی این ڈی اے حکومت نے آج اپنے تجویز کردہ لیبر اصلاحات کی مدافعت کی اور کہا کہ ملک کی ضروریات کے مطابق قوانین کو بدلنے کی ضرورت ہے ۔ حکومت نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ ورکرس کی فلاح و بہبود کی پابند ہے اور ان کا استحصال روکنا چاہتی ہے ۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ لیبر اصلاحات جو مرکزی حکومت نے تجویز کئے ہیں ان کا مقصد ورکرس کی مدد کرنا ہے اور ان کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت کی مطابقت میں اور ملک کی ضروریات کے مطابق قوانین میں کچھ تبدیلیاں ضروری ہیں کیونکہ وزارت لیبر کا یہ احساس ہے کہ یہ قوانین طویل وقت سے موجودہ حالت میںہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت لیبر نے قوانین کو سہل بنانے اور وقت کی ضرورت کے مطابق بنانے کی جو تجویز پیش کی ہے ان سے ورکرس کے حقوق تلف نہیں ہونگے بلکہ ان کے نتیجہ میں آْرین میں جوابدہی اور شفافیت کو یقینی بنایا جائیگا ۔ دتاتریہ نے کہا کہ این ڈی اے حکومت نے ایک کوشش شروع کی ہے جہاں موجودہ 44 مرکزی لیبر قوانین کو سہل بنایا جائیگا اور انہیں یکجا کرتے ہوئے ضرورت کے مطابق ڈھالا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ان قوانین کو چار لیبر کوڈز میں ڈھاجائیگا جو اجرتوں ‘ صنعتی تعلقات ‘ سماجی سکیوریٹی اور بہبود و تحفظ اور کام کے ماحول کے تعلق سے ہونگے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ یہ غلط مہم چلائی جا رہی ہے کہ این ڈی اے حکومت ورکرس کے مفادات کے خلاف کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی زیر قیادت حکومت ورکرس کی فلاح و بہبود کی پابند ہے اور ان کا استحصال روکنا چاہتی ہے ۔ دتاتریہ یہاں جنوبی ہند کی ریاستوں کے وزرائے لیبر و عہدیداروں کی علاقائی کانفرنس سے خطاب کرنے کیلئے آئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چار لیبر کوڈز لانا چاہتے ہیں۔ لیبر کوڈ بہت ہی اہمیت کے حامل ہیں۔ ان میں ایک اجرتوں سے متعلق ہوگا۔ مزدوروں کو جو اجرت دی جا رہی ہے وہ بہت ہی پیچیدگی سے بھرا عمل ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ اجرتوں کو ایک ہی کوڈ کے تحت لایا جائے ۔