این ڈی اے امیدوار کی تائید خوش قسمتی ‘ چندرا بابو

حیدرآباد 4 جولائی (سیاست نیوز) صدر قومی تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ این ڈی اے کے صدارتی امیدوار رام ناتھ کووند کے حق میں ووٹ دینے کو وہ اپنی خوش قسمتی تصور کرتے ہیں۔ وجئے واڑہ کے اے کنونشن سنٹر میں این ڈی اے صدارتی امیدوار رام ناتھ کووند کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ وزیراعظم نے این ڈی اے امیدوار کی حیثیت سے رام ناتھ کووند کو قطعیت دینے کی انھیں بذریعہ فون اطلاع دی تھی جس پر اُنھوں نے تائید کا تیقن دیا تھا۔ انھوں نے کہاکہ 26 قبل رام ناتھ کووند نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی اور تب سے اب تک رام ناتھ کووند کے تعلق سے کوئی معمولی تنازعہ یا اُن پر کوئی الزامات نہیں ہیں لہذا صدرجمہوریہ ہند کے عہدہ کیلئے وہ موزوں ہیں۔ نائیڈو نے آندھراپردیش کی ترقی کیلئے نریندر مودی کے تعاون کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم آندھر اپردیش کی ترقی کو یقینی بنانے بھرپور تعاون کررہے ہیں اور بڑے پیمانے پر رقومات فراہم کررہے ہیں۔