این ٹی پی سی دھماکہ : 15 زخمیوں کی ایمس ، صفدر جنگ ہاسپٹل کو منتقلی

نئی دہلی۔ 4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے رائے بریلی میں واقع این ٹی پی سی پلانٹ میں پیش آئے دھماکے میں شدید طور پر جھلس جانے سے زخمی 15 افراد یہاں ایمس اور صفدر جنگ ہاسپٹل کو منتقل کئے گئے ہیں۔ ان میں سے 6 کو ایمس ٹراما سنٹر میں شریک کیا گیا اور 9 دیگر کو صفدر جنگ ہاسپٹل لے جایا گیا ہے۔ ایمس میں داخل 6 زخمیوں میں زیادہ تر چہرہ جھلس جانے کا شکار ہوئے۔ مملکتی وزیر صحت انوپریہ پٹیل نے جمعرات کی شب اسپتال کا دورہ کرتے ہوئے تمام مریضوں کا بہترین علاج اور عمدہ نگہداشت یقینی بنانے کی ہدایت دی تھی۔ سرکاری زیرانتظام این ٹی پی سی کے اُنچاہر پلانٹ میں زبردست دھماکے کے مہلوکین کی تعداد 32 ہوگئی ہے۔