این ٹی پی سی اور آئی او سی میں سرکاری حصص کی فروخت

نئی دہلی ۔ 13 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی کابینہ نے سرکاری شعبہ کے ادارہ این ٹی پی سی میں اپنے پانچ فیصد اور انڈین آئیل کارپوریشن (آئی او سی) میں 10 فیصد حصہ کی سرمایہ نکاسی کو منظوری دی ہے، جس سے حکومت کو موجودہ مارکٹ قدر کے مطابق 13000 کروڑ روپئے حاصل ہوں گے۔ کابینی اجلاس کے بعد ذرائع نے کہا کہ ’’کابینہ نے این ٹی پی سی میں پانچ فیصد اور او آئی سی میں 10 فیصد سرمایہ نکاسی کو منظوری دی ہے‘‘۔ بمبئی اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) کی تفصیلات کے مطابق این ٹی پی سی کا اساسی مالیہ ایک لاکھ 11 ہزار، 313.77 کروڑ روپئے ہے۔ آئی او سی کا اساسی مالیہ 79 ہزار 321 کروڑ روپئے ہے۔ ان دونوں شعبوں میں سرکاری حصوں کی فروختگی سے حکومت کو 13000 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوگی۔ بی ایس ای کے مطابق این ٹی پی سی میں حکومت کا حصہ 74.96 فیصد اور آئی او سی 68.57 فیصد ہے۔

دہلی کے ریٹیل شعبہ میں ایف ڈی آئی کی اجازت سے حکومت کا انکار
نئی دہلی ۔ 13 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکز کی جانب سے گزشتہ روز اپنی ایف ڈی آئی پالیسی کو مستحکم کئے جانے کے ایک دن بعددہلی کے ریاستی حکومت نے آج کہا کہ وہ اس ریاست میں راست بیرونی سرمایہ کاری کے داخلے کی اجازت نہیں دے گی کیونکہ وہ شہر کے تاجرین کے مفادات کے مغائر ہے۔