این ٹی راما راؤ قابل احترام شخصیت و قائد

بانی تلگو دیشم و سابق چیف منسٹر کو ریونت ریڈی رکن اسمبلی کا خراج
حیدرآباد ۔ 22 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : سینئیر قائد تلگو دیشم پارٹی و ڈپٹی فلور لیڈر تلنگانہ تلگو دیشم مقننہ پارٹی مسٹر اے ریونت ریڈی نے بانی تلگو دیشم پارٹی و سابق چیف منسٹر متحدہ آندھرا پردیش آنجہانی ین ٹی راما راؤ کو بھر پور خراج عقیدت پیش کیا اور انہیں ملک بھر کے لیے قابل احترام شخصیت و قائد سے تعبیر کیا اور کہا کہ محض آنجہانی ین ٹی راما راؤ کی وجہ سے ہی تلگو عوام کے وقار میں اضافہ ہوا اور دنیا بھر میں تلگو عوام کو ایک خصوصی شناخت حاصل ہوئی ۔ آج یہاں ین ٹی آر گھاٹ کے پاس آنجہانی قائد این ٹی راما راؤ کی تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں توہین کئے جانے کے خلاف سینئیر قائد تلگو دیشم پارٹی مسٹر ایم نرسمہلو کی جانب سے شروع کردہ احتجاجی بھوک ہڑتال کیمپ پہونچ کر وہ بھی بھوک ہڑتال میں حصہ لیا اور خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مذکورہ بات کہی اور کہا کہ محض آنجہانی این ٹی راما راؤ کی وجہ سے آج ملک بھر میں تلگو عوام کو ایک منفرد مقام حاصل ہوا ۔ علاوہ ازیں دلت طبقات و دیگر پسماندہ طبقات کو اقتدار میں برابر کے حصہ دار بنانے میں بھی آنجہانی این ٹی راما راؤ نے اپنا گرانقدر رول ادا کیا ۔ قائد تلگو دیشم پارٹی مسٹر ریونت ریڈی نے بعض قائدین کی جانب سے آنجہانی کی مخالفت کیے جانے پر انہیں حدف ملامت بنایا اور پر زور الفاظ میں کہا کہ اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی مسٹر مدھو سدن چاری ، قائد اپوزیشن مسٹر کے جانا ریڈی رکن اسمبلی و سابق وزیر مسٹر ٹی جیون ریڈی کے علاوہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ و دیگر قائدین کو سیاسی زندگی خود آنجہانی این ٹی راما راؤ نے دی تھی ۔ لہذا مذکورہ قائدین کو اپنی سابقہ زندگی کو یاد کرلینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کئی قائدین جنہیں این ٹی آر نے سیاسی زندگی دی تھی وہ آج زبردست ترقی کرچکے ہیں ۔ مسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ اگر آج مسٹر ایم نرسمہلو اسمبلی میں ہوتے تو چاروں قائدین اسمبلی میں پر نہیں مار سکتے تھے ۔ انہوں نے مسٹر نرسمہلو سے اظہار یگانگت کیا ۔۔