این ٹی اے کے زیراہتمام این ای ٹی ،نیٹ اور جے ای ای امتحانات

جے ای ای اور نیٹ کا سال میں دو مرتبہ انعقاد ، امتحانات مزید محفوظ اور بین الاقوامی معیار کے مطابق
نئی دہلی۔ 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر فروغ انسانی وسائل پرکاش جاؤڈیکر نے آج کہا کہ ’’نو قائم شدہ نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) اب قومی سطح کے این ای ٹی، این ای ای ٹی (نیٹ) جے ای ای (مینس) امتحانات کا انعقاد عمل میں لائے گی جو پہلے سی بی ایس ای کی طرف سے منعقد کئے جاتے تھے۔ وزیر نے کہا کہ قومی اہلیتی ٹسٹ (این ای ٹی) ڈسمبر میں جے ای ای (مینس) سال میں دو مرتبہ (جنوری اور اپریل میں) اور این ای ای ٹی (نیٹ) فروری اور مئی میں منعقد کروائے جائیں گے۔ ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلوں کے کوالیفائنگ ٹسٹ این ای ٹی اس نوتشکیل شدہ اداروں کی طرف سے منعقد کروائے جانے والے پہلے امتحان ہوں گے۔ جاؤڈیکر نے کہا کہ این ٹی اے کی طرف سے قومی اہلیتی مع انٹرنس ٹسٹ کامن مینجمنٹ ایڈمیشن ٹسٹ (سی ایم اے ٹی) اور گریجویٹ فارمیسی ایٹیٹیوڈ ٹسٹ (جی پی اے ٹی) بھی منعقد کروائے گی۔
سنندہ پشکر کیس : ششی تھرور کو باقاعدہ ضمانت
نئی دہلی۔ 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے لیڈر ششی تھرور کو دہلی کی ایک عدالت نے تقریباً چار سال قبل دہلی کی ایک پرتعیش ہوٹل میں ان کی بیوی سنندہ پشکر کی موت کے ایک مقدمہ میں باضابطہ ضمانت دے دی۔ لوک سبھا میں حلقہ تھرواننتاپورم کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے رکن تھرور جو اس مقدمہ میں ملزم ہیں، عدالت میں حاضر ہوئے تھے اور مطلع کیا کہ انہیں پہلے ہی 5 جولائی کو سیشن کی عدالت سے ایک عبوری ضمانت جاری کی گئی تھی۔