این ٹی آر ہیلت یونیورسٹی پی جی انٹرنس ٹسٹ میں 100 کروڑ کا اسکام

پرنٹنگ پریس سے پرچہ سوالات حاصل کرکے منہ مانگی قیمت پر فروخت، 25 افراد کی نشاندہی

حیدرآباد 25 مارچ (سیاست نیوز) ریاستی سطح پر این ٹی آر ہیلت یونیورسٹی کی جانب سے منعقدہ میڈیکل پی جی انٹرنس ٹسٹ میں پیش آئیں مبینہ بے قاعدگیوں کے سلسلہ میں جاری تحقیقات کے دوران ابتدائی طور پر 100 کروڑ روپیوں پر مشتمل ’’اسکام‘‘ کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔ ان بے قاعدگیوں کی شکایت پر ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے ابتداء میں صدرنشین ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم کی زیرقیادت مکمل تحقیقات کروانے کا حکم دیا تھا اور تحقیقات مکمل کرکے مسٹر وینو گوپال ریڈی صدرنشین ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم نے اپنی رپورٹ ریاستی گورنر کو پیش کرتے ہوئے بے قاعدگیوں کے واقعات پیش آنے کا اظہار تو کیا تھا لیکن ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے جس کے پیش نظر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے اس رپورٹ پر اپنے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی سی بی سی آئی ڈی کے ذریعہ مکمل تحقیقات کرواکر جلد سے جلد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا جس کی روشنی میں سی بی سی آئی ڈی عہدیداروں نے حکم دیئے جانے کے ساتھ ہی اسی سرعت سے مذکورہ بے قاعدگیوں کی تحقیقات کا آغاز کردیا اور ابتدائی طور پر ان مبینہ بے قاعدگیوں میں 100 کروڑ روپیوں پر مشتمل ’’اسکام‘‘ پیش آنے کا اندازہ لگایا۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ بنگلور میں میڈیکل پی جی انٹرنس ٹسٹ کے جس پرنٹنگ پریس میں پرچہ سوالات کی طباعت عمل میں لائی گئی

اسی پرنٹنگ پریس انتظامیہ نے ملزمین سے مبینہ ساز باز کرلینے کے سی آئی ڈی عہدیداروں کو شکوک و شبہات ہیں، جس پر مزید گہرائی سے جائزہ لینے پر بعض ثبوت ان تحقیقاتی سی بی سی آئی ڈی عہدیداروں کو فراہم ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اسی ذرائع کے مطابق اس مبینہ اسکام کے سلسلہ میں سی آئی ڈی عہدیداروں نے 26 مشتبہ ملزمین کی نشاندہی کرکے ان میں سے بعض کو حراست میں لے کر میڈیسن کورس میں ناکام ہونے والے وجئے واڑہ میں اس انٹرنس ٹسٹ میں رینکس حاصل کرنے والے دو طلباء کی تفتیش کی گئی جس پر اس بات کا پتہ چلا کہ اس اسکام میں ملوث مبینہ اصل ملزم پرچہ سوالات کو حاصل کرکے ان پرچہ سوالات کو تقریباً 200 طلباء کو فراہم کرنے کے شکوک و شبہات کا تحقیقاتی عہدیداران سی آئی ڈی نے اظہار کیا اور پرچہ سوالات فراہم کرنے پر ایک طالب علم سے 50 تا 60 لاکھ روپئے وصول کرنے کا پوچھ تاچھ کرنے پر انکشاف کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔