حیدرآباد۔ 28 مئی (آئی این این) تلگو دیشم مہاناڈو کے دوسرے دن آج ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے مرکز سے بانی تلگو دیشم پارٹی و سابق چیف منسٹر این ٹی راما راؤ کو بعد از مرگ ’’بھارت رتن‘‘ دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر و صدر تلگو دیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ آنجہانی این ٹی راما راؤ نے مختلف شعبوں بالخصوص زراعت کے شعبہ میں نمایاں کارنامے انجام دیئے۔ انہوں نے ہندوستانی سیاست میں مختلف جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتے ہوئے تاریخ بنائی۔ انہوں نے گوداوری ندی کے کنارے این ٹی آر کا مجسمہ نصب کرنے کا اعلان کیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ حکومت بہت جلد ’’این ٹی آر دھوتی اور ساڑی‘‘ اسکیم شروع کرے گی اور اس کے لئے 400 کروڑ روپئے مختص کئے جائیں گے تاکہ بنکروں کی مدد ہوسکے۔