حیدرآباد۔ 26 اپریل (این ایس ایس) مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے اس بات کا مطالبہ کیا کہ حکومت تلنگانہ شہر میں این ٹی آر اسٹیڈیم میں تلنگانہ کلا بھارتی کی تعمیر کے نظریہ کو ترک کردے۔ بی جے پی فلور لیڈر ڈاکٹر کے لکشمن، سی پی آئی کے ڈاکٹر کے نارائنا اور لوک ستہ کے بانی صدر ڈاکٹر جئے پرکاش نارائنا نے آج این ٹی آر اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور وہاں کرکٹ کھیلنے والے نوجوانوں سے بات چیت کی۔ بعدازاں میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے مطالبہ کیا کہ ٹی آر ایس حکومت این ٹی آر اسٹیڈیم سے دور رہے جسے نوجوانوں کی جانب سے اسپورٹس کے مقصد کیلئے استعمال کیا جارہا ہے اور تلنگانہ کلا بھارتی کی تعمیر شہر میں کہیں اور جگہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کیلئے یہ بات مناسب نہیں ہے کہ یکطرفہ کارروائی کریں۔