این جناردھن ریڈی کے فرزند کی جلد وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت

حیدرآباد 5 اگست ( سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این جناردھن ریڈی کے فرزند مسٹر این رام کمار ریڈی توقع ہیکہ جلد وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت اختیار کرلیں گے ۔ اس سلسلہ میں ماحول سازگار ہوچکا ہے اور سمجھا جاتا ہیکہ رام کمار ریڈی کی شمولیت کو بھی قطعیت دے دی گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہیکہ مشرقی گوداوری میں پدیاترا کر رہے صدر وائی ایس آر کانگریس جگن موہن ریڈی سے رام کمار ریڈی نے گذشتہ دن ملاقات کی تھی اور پارٹی میں شمولیت کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا ۔ بتایا جاتا ہیکہ جگن موہن ریڈی نے انہیں پارٹی میں شمولیت پر ’ گرین سگنل ‘ دے دیا ہے ۔ رام کمار ریڈی نے وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت سلسلہ میں تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے ۔ سمجھا جارہا ہیکہ وہ جلد وائی ایس آر کانگریس میں شامل ہوجائیں گے ۔ وہ اب سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کرکے 2019ء انتخابات میں حلقہ اسمبلی وینکٹ گری سے مقابلہ کریں گے اور کامیابی بھی حاصل کریں گے ۔ مسٹر رام کمار ریڈی کے اس اظہار خیال سے ان کے حامیوں میں زبردست مسرت کا اظہار پایا جارہا ہے ۔