ترقیاتی کاموں میں ہریش راؤ، کیشو راؤ اور دیگر کی شرکت
حیدرآباد۔/24مئی، ( این ایس ایس ) سوچھ حیدرآباد پروگرام کے سلسلہ میں ریاستی حکومت نے آج این بی ٹی نگر، بنجارہ ہلز میں شہری سہولتوں، پینے کے پانی اور ہائی ٹینشن وائرس کو نکالنے کے چند کام شروع کئے۔ وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے ٹی آر ایس کے سکریٹری جنرل کے کیشو راؤ اور دیگر قائدین کے ہمراہ یہاں مختلف ترقیاتی کاموں کیلئے سنگ بنیاد رکھا۔انہوں نے اس علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے کئی ترقیاتی کاموں میں حصہ لیا۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ 1.30 کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے اس علاقہ میں مکانات کے اوپر سے ہائی ٹنشن وائرس کو نکالنے کے اقدامات شروع کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام ایک تا دو ہفتے میں مکمل کیا جائے گا جبکہ عام طور پر اس کے لئے مہینے درکار ہوتے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ 3کروڑ روپے کے مصارف سے مقامی افراد کو پینے کے پانی کی سہولت فراہم کی جائے گی جس کے لئے سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ وہ ہر اتوار کو ترقیاتی کاموں کو شروع کریں گے اور اس علاقہ میں و1200 مربع گز پر ایک ویمن ویلفیر بلڈنگ تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اہل افراد میں 7جون کو پنشنس اور راشن کارڈس تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت اندرا نگر کے غریب افراد کے لئے 18کروڑ روپئے صرف کرتے ہوئے ڈبل بیڈرومس مکانات تعمیر کرے گی اور متعلقہ کاموں کو جلد ہی شروع کیا جائے گا۔ کیشو راؤ نے کہا کہ یہ عوام کی حکومت ہے جو شہریوں کے مسائل کو حل کرے گی۔ ہم تمام مسائل بشمول بنیادی سہولتیں، سڑکیں، پینے کا پانی، انفراسٹرکچر کے مسائل کو حل کرنے کیلئے یہاں آئے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق حکومت این بی ٹی نگر کے مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوگئی تھی اب ٹی آر ایس حکومت اس علاقہ کے تمام مسائل کو مرحلہ واری انداز میں حل کرے گی۔ کیشو راؤ نے کہا کہ سوچھ حیدرآباد پروگرام کے سلسلہ میں شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے عوام کو حکومت کے ساتھ تعاون کرنا چاہیئے۔