این ایس یو آئی حامیوں کا سمرتی کی قیامگاہ کے باہر احتجاج

نئی دہلی ، 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) این ایس یو آئی کے کئی حامیوں نے آج وزیر فروغ انسانی وسائل (ایچ آر ڈی) سمرتی ایرانی کی یہاں واقع قیامگاہ کے باہر احتجاج منظم کرتے ہوئے اُن کے استعفے کا مطالبہ کیا کہ انھوں نے دلت طالب علم روہت ویمولا کی موت سے متعلق واقعات کے بارے میں مبینہ طور پر ’’سفید جھوٹ‘‘ پھیلایا ہے۔ کانگریس کے اسٹوڈنٹس ونگ نے سمرتی کی تقریر میں ’ماہیشاسورا‘ کے حوالہ کی بھی مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ برسراقتدار بی جے پی ساری قوم پر آر ایس ایس کے نظریہ کا رنگ چڑھانے کوشاں ہے۔ انھوں نے سمرتی کو پارلیمان میں اُن کے جارحانہ تیور پر ہدف تنقید بنایا اور ’’ساس بہو سنسد میں چلانا بند کرو‘‘ اور ’’سمرتی ایرانی جھوٹ کی رانی‘‘ کے نعرے لگائے۔