این ایس جی مسئلہ پر مودی حکومت نے قوم کو گمراہ کیا‘پاکستان پالیسی بے فیض : یشونت سنہا

نئی دہلی ۔26جون ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی قائد یشونت سنہا نے آج نریندر مودی مودی حکومت کی جانب سے این ایس کی رکنیت کیلئے اصرار پر اس کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کی کوئی ضرورت نہیں تھی کیونکہ رکنیت کی وجہ سے نہ اس کا کوئی فائدہ ہوگا اور نہ رکنیت سے محروم ہونے پر کوئی نقصان ہوگا ۔ انہوں نے الزام عائدکیا کہ مودی حکومت اس مسئلہ پرعوام کو گمراہ کرتی آرہی ہے ۔ ہندوستان نے اس رکنیت میں اتنی گہری دلچسپی ظاہر کی تھی اور رکنیت کے حصول کیلئے اتنا اصرار کررہا تھا کہ یہ ملک کے وقار کا مسئلہ بن گیا تھا ۔ پامپور میں دہشت گرد حملہ کی مذمت کرتے ہوئے سابق وزیرخارجہ یشونت سنہا نے آج مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت کی پاکستان پالیسی سے کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا ۔ مودی پر تنقید کرتے ہوئے 83سالہ یشونت سنہا نے کہا کہ وہ مردہ ذہن افراد کے زمرہ میںآتے ہیںلیکن اب بھی لوگوں کو مشورہ دینے سے باز نہیں آتے ۔