نئی دہلی، 19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آسام میں قومی شہری رجسٹر(این آر سی) مسودہ میں نام شامل کرنے کے لئے 25 ستمبر سے دعوے اور اعتراضات درج کرانے کا حکم دیا ہے ۔ جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی بنچ نے کہا کہ 25 ستمبر سے دعوے اور اعتراضات درج کرانے کا عمل شروع ہوگا اور یہ ساٹھ دنوں تک چلے گا۔عدالت نے کہا کہ جن لوگوں کا نام این آر سی کے مسودے میں بھی نہیں ہے وہ دوبارہ اس کے لئے دعوی کرسکتے ہیں۔عدالت نے واضح کیا کہ دوسرا موقع صرف دس دستاویزات کی بنیاد پر ہی منحصر کرے گا باقی پانچ دستاویزات پر بعد میں غور کیا جائے گا۔ عدالت نے معاملے کی اگلی سماعت کے لئے 23 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے ۔ اس سے پہلے بنچ نے این آر سی کوارڈینیٹر پرتیک ہجیلا کو مرکزی حکومت کے حلف نامے پر اپنا جواب دینے کو بھی کہا۔ گذشتہ ماہ کے اواخر میں عدالت عظمی نے این آر سی کے آخری مسودے سے باہر رہ گئے چالیس لاکھ لوگوں کو ایک اور موقع دینے کے فائدے اور نقصانات سمیت اس کی پیچیدگیوں پر رپورٹ دینے کے لئے کہا ہے ۔