این آر سی مسئلہ ، حکومت ہند کو شہریوں کے ساتھ انصاف کرنے پر زور

آسام این آر سی کے خلاف دائیں بازو سیاسی جماعتوں کا احتجاج مرکزی حکومت کا علامتی پتلہ نذر آتش
حیدرآباد۔8اگست(سیاست نیوز)آسام میں جاری این آر سی بحران کے خلاف دائیںبازو کی سیاسی جماعتوں او رتنظیموں نے آج بشیرباغ چوراہے پر احتجاجی دھرنا منظم کرتے ہوئے مرکزی حکومت کا علامتی پتلانذر آتش کیا۔بائیںبازو قائدین نے مرکزی حکومت پر این آر سی کے ذریعہ دنیا کا سب سے بڑا سیاسی بحران پیدا کرنے کا الزام عائد کیا۔ سی پی آئی ایم اسٹیٹ جنرل سکریٹری مسٹر ڈی جی نرسنگ رائو نے کہاکہ آسام میں این آرسی کے قطعی مسودہ کی اجرائی کے بعد چالیس لاکھ افراد کے سر پر شہریت ختم ہونے کی تلوار لٹک رہی ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یقینا ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا مہاجرین کیمپ بن جائے گا ۔ آسام میںاین آرسی کے متعلق اپنائے گئے طریقہ کار کو قابل مذمت قراردیا اور کہاکہ سیاسی مقاصد کی تکمیل اور پولورائزیشن کے لئے اختیار کئے گئے اس عمل کو دائیں بازو کی جماعتیں کبھی کامیاب ہونے نہیں دیں گی۔انہوں نے ہجومی تشدد کے بڑھتے واقعات کو بھی مرکز کی بی جے پی حکومت کو ہی ذمہ دار ٹہرایا۔ ڈی جی نرسنگ رائو نے کہاکہ ہجومی تشدد کے سزایافتگان کی ضمانت پر رہائی کے بعد مرکزی وزراء ان کو تہنیت پیش کررہے ہیں جس سے ایسے گھنائونے جرائم انجام دینے والوں کے حوصلوں میںاضافہ ہورہا ہے۔ مسٹر نرسنگ رائو نے کہاکہ آسام این آر سی کے رحجانات ملک کے جمہوری اقدار پر ایک کاری ضرب ثابت ہورہا ہے ۔ اس حساس مسئلے پر مرکز ی اور آسام کی ریاستی حکومت کو سنجیدگی سے غور وفکر کرتے ہوئے حقیقی شہریوں کے ساتھ انصاف کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ 1971کے بعد سے آسا م میں رہنے والوں کو ان کی شہریت سے محروم کرنا مذکورہ حکومتوں کی نیک نیتی پر ایک سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہاکہ سابق صدر جمہوریہ ہند‘ فوجی جوان‘ سابق ڈپٹی اسپیکر کے افراد خاندان این آرسی کے قطعی مسودہ میںشامل نہیں ہیں ‘ جس سے یہ بات صاف ظاہر ہوجاتی ہے کہ بناء کسی تحقیق کے این آرسی کا قطعی مسودہ تیار کیاگیا ہے ۔ نیشنل سٹیزن راجسٹرار ( این آر سی) کا کام ایک مخصوص طبقے کے ساتھ متعصبانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ جمہوری ہندوستان میں اس طرح کے عمل کی کوئی گنجائش نہیں ہے چاہے مرکز او ریاست میںکسی بھی سیاسی جماعت کی حکمرانی رہے۔ انہوں نے کہاکہ دائیںبازو ایوانوں کے اندر او رباہر آسام این آر سی کے مسئلے کو اجاگر کرتے رہیں گی۔
لوکو پائلیٹ امتحان ، سکندرآباد تا داناپور خصوصی ٹرین
حیدرآباد /8 اگست ( این ایس ایس ) ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے اسسٹنٹ لوکو پائیلیٹ اینڈ ٹکنیکل امتحان 2018 میں شرکت کرنے والے امیدواروںکی کثیر تعداد کو پیش نظر رکھتے ہوئے سکندرآباد تا داناپور کے درمیان خصوصی ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جوکہ جنرل سکینڈ کلاس کوچس پر مشتمل رہے گی ۔ ایس سی آر کے ذرائع کے بموجب ٹرین نمبر 03242 سکندرآباد ، داناپور خصوصی ٹرین 9 اگست بروز جمعرات سکندرآباد سے 20 بجے روانہ ہوگی اور دوسرے دن یعنی 11 اگست بروز ہفتہ دانا پور 7 بجکر 40 منٹ کو پہونچے گی ۔ خصوصی ٹرین بلہاڑ شاہ ، ناگپور ، اتارسی ، جبل پور ، کتنی سشنا ، الہ آباد چوکی ، پی ٹی دین دیان اوپادھیائے ، بکسر اور دیگر اسٹیشن پر توقف کرے گی ۔