این آر آئیز کو کسٹم پر قدیم نوٹ دکھانا ہوگا

مقیم اور غیرمقیم ہندوستانیوں کو منسوخ شدہ نوٹ ڈپازٹ کرنے کی سہولت
نئی دہلی ۔2 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بیرونی ممالک سے وطن واپس ہونے والے تمام ہندوستانیوں اور غیرمقیم ہندوستانیوں ( این آر آئیز ) کو ایرپورٹس پر کسٹمس عہدیداروں کے روبرو شخصی طورپر 500 اور 1000 روپئے کے منسوخ شدہ نوٹ بتاتے ہوئے رعایتی مہلت کے دوران آر بی آئی میں ان کرنسی نوٹوں کو جمع کرنے سے قبل سربہ مہر ڈیکلریشن فارم حاصل کرنا ہوگا ۔ 9 نومبر تا 30 ڈسمبر فراہم کردہ 50 دن کی مہلت کے دوران ایسے ہندوستانی جو بیرون ممالک میں تھے انھیں 31 مارچ تک تین ماہ کی رعایتی مہلت دی گئی ہے تاکہ وہ منسوخ شدہ نوٹ جمع کرسکیں۔ علاوہ ازیں این آر آئیز کو 30 جون تک چھ ماہ کی مہلت دی گئی ہے ۔ اس دوران وہ ممبئی ، نئی دہلی ، چینائی ، کولکتہ اور ناگپور میں واقع ریزرو بینک آف انڈیا ( آر بی آئی ) کے دفاتر میں منسوخ شدہ نوٹ جمع کرسکتے ہیں۔ وزارت فینانس نے اپنے ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ ’’31 مارچ 2017 ء یا 30جون 2017 کی مدت تک وطن پہونچنے والے مقیم ہندوستانیوں اور غیرمقیم ہندوستانیوں کی طرف سے ایک ڈیکلریشن فارم کی خانہ پُری کرنا ہوگا اور اس میں اپنے ساتھ موجود صراحت کردہ بینک نوٹس کو آر بی آئی کے صراحت کردہ دفاتر میں جمع کرنے کے بارے میں واضح تفصیلات پیش کرنا ہوگا ۔ اس مقصد کے لئے ایک صفحہ کا فارم تیار کیا گیا ہے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا  ہے کہ ’’مسافر کی طرف سے داخل کردہ فارم پر دستخط سے قبل کسٹمس آفیسر ان نوٹوں کی تعداد کی بطور گنتی کرے گا اور صراحت کردہ جملہ رقم کی تنقیح کی جائے گی ‘‘ ۔ 9 نومبر تا 30 ڈسمبر 2016 ء کی 50 روزہ مہلت کے دوران بیرون ملک رہنے والا کوئی بھی ہندوستانی شہری کسی حد کے بغیر یعنی لامحدود پیمانے پر صراحت کردہ بینک نوٹس ( ایس بی اینس ) داخل کرسکتا ہے جبکہ کوئی این آر آئی صرف 25,000 روپئے ڈپازٹ کرسکتا ہے ۔ تاہم نیپال ، بھوٹان ، پاکستان اور بنگلہ دیش میں رہنے والے ہندوستانی شہریوں کو یہ سہولت حاصل نہیں رہے گی ۔