این آئی اے کی سری نگر میں معروف تاجر کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی

سری نگر۔2 اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) نے منگل کی صبح یہاں پائین شہر کے نوہٹہ میں ایک معروف تاجر کے گھر پر چھاپہ مارا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق این آئی اے اہلکاروں نے منگل کی صبح نوہٹہ میں اعجاز احمد حقاق کے گھر پر چھاپہ مارا اور گھر کی وسیع پیمانے پر تلاشی لی۔ این آئی اے ٹیم کے ساتھ مقامی پولیس اور سی آر پی ایف کے اہلکار بھی تھے ۔ یہ چھاپہ مار کاروائی ظاہری طور پر این آئی اے میں درج ٹیرر فنڈنگ کیس کے سلسلے میں انجام دی گئی ہے ۔ مذکورہ کیس میں اب تک قریب ایک درجن کشمیری علیحدگی پسند رہنماؤں اور معروف تاجروں کو گرفتار کیا جاچکا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وہ این آئی اے کی چھاپہ مار کاروائی سے متعلق تفصیلات اکٹھا کررہے ہیں۔