کولکتہ ۔ 10 نومبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام) کولکتہ کے مضافاتی علاقہ بدھان نگر میں واقع سی آر پی ایف کیمپ کے قریب آج معمولی بم دھماکہ ہوا ۔ این آئی اے کیمپ آفس بھی یہی قائم ہے جو بردوان دھماکوں کی تحقیقات کررہی ہے ۔ تحقیقاتی ایجنسی نے ان دھماکوں کے سرغنہ ساجد کی یہیں تفتیش کی تھی اور دیگر مشتبہ ملزمین کی بھی گرفتاری عمل میں لائی تھی۔ بدھان نگر پولیس کمشنریٹ کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ پتہ چلا کہ تقریباً 7:30 بجے شب دو کروڈ بم اُس وقت پھینکے گئے جب ایک کار کیمپ آفس علاقہ سے گذر رہی تھی ۔ تحقیقاتی ایجنسی کے عہدیداروں کی ٹیم فوری یہاں پہونچ گئی ۔ اس کے علاوہ بم کا پتہ چلانے والے ماہرین نے بھی اس مقام کا مشاہدہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس دھماکے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ پولیس کو یہ بھی شبہ ہے کہ دھماکے میں استعمال کئے جانے والی اشیاء پٹاخہ بھی ہوسکتی ہے ۔ لیکن اس واقعہ کو معمولی نہیں سمجھا جاسکتا ۔