نئی دہلی ۔ 3مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی( این آئی اے ) نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک افغانی بزنسمین مبینہ طور پر مہاراشٹرا کے نوجوانوں کو خوفناک دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی ایس میں شمولیت کی ترغیب دے رہا تھا ۔ اس ضمن میں این آئی نے نے افغانستان سے اس شخص کے بارے میں ابتدائی عدالتی درخواست رجوع کرتے ہوئے تفصیلات طلب کی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ یہ افغان شہری جس کا نام مخفی رکھا گیا ہے ہندوستان میں خشک میوؤں کی تجارت کیا کرتا تھا اور ممبئی کے پڑوسی علاقہ کلیان میں چار مسلمانوں سے رجوع ہوتے ہوئے دہشت گرد گروپ آئی ایس آئی ایس میں شمولیت کیلئے ذہن سازی کررہا تھا ‘ تاہم گذشتہ نومبر میں ترکی سے ملک بدر کئے جانے والے ہندوستانی نوجوان عریب مجید کو این آئی اے کی طرف سے گرفتار کئے جانے کے بعد وہ پُراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا ۔ باور کیا جاتا ہے کہ وہ ڈسمبر میں دہلی سے باہر چلاگیا تھا۔