این آئی اے ٹیم 2 گرفتار شدگان کے ساتھ بردوان پہونچی

کولکتہ ۔ یکم ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) این آئی اے آج بردوان دھماکے کے سلسلے میں گرفتار دو دہشت گردوں کو مرشدآباد ضلع کے بل دنگا علاقہ میں لے گئی ۔ ایجنسی کے ایک عہدیدار نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی خواہش پر بتایا کہ ضلع مرشد آباد کے بل دنگا علاقہ میں ساجد اور حکیم کو لے جایا گیا تاکہ وہ اس مقام پر انجام دی جانے والی کارروائیوں سے واقف کراسکیں۔ ٹیم قریبی ہند بنگلہ دیش سرحد پر واقع لاگورا علاقہ بھی گئی اور یہاں بعض مقامات کا مشاہدہ کیا ۔ شکیل احمد جو جے ایم بی کا رکن تھا 2 اکٹوبر کو بردوان دھماکے میں ہلاک ہوگیا ۔ اُس نے بل دنگا میں کئی ماہ گذارے اور یہاں دوکان چلاتا تھا ۔ شبہ کیا جاتا ہے کہ ایک بین الاقوامی نٹورک کام کررہا ہے اور دھماکے کے سلسلے میں اب تک 8 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جن میں بیشتر کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے ۔