ممبئی ۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) این آئی اے کے سابق وکیل استغاثہ روہنی سالیان نے جو 2008ء میں مالیگاؤں دھماکہ مقدمہ کی وکیل تھیں، الزام عائد کیا کہ این آئی اے سادھوی پرگیہ سنگھ کیلئے جو مقدمہ کی ایک ملزم تھیں ’’ڈھال‘‘ کا کام کررہا تھا۔ وکیل استغاثہ نے سادھوی کی ضمانت پر رہائی کی مخالفت نہ کرتے ہوئے وکیل صفائی کاکام انجام دیا تھا۔ استغاثہ نے سادھوی کی ضمانت پر رہائی کی مخالف نہیں تھی بلکہ درحقیقت دھماکہ میں ہلاک ہونے والوں کے ورثا اور ملزم سادھوی کے درمیان ثالث کے فرائض انجام دیئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقدمہ سادھوی کو ضمانت پر رہا کرنے کی مخالفت کے بارے میں تھا۔ 28 جون کو این آئی اے کی عدالت نے سادھوی پرگیہ کی ضمانت پر رہائی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے عملی اعتبار سے این آئی اے کی جانب سے اسے بے قصور قرار دینے کے دعویٰ کو چیلنج کیا ہے اور کہا ہیکہ اس قسم کے واجبی حقائق موجود ہیں جن کی بناء پر یقین کیا جاسکتا ہیکہ بادی النظر میں سادھوی پر عائد الزامات درست ہیں۔ روہنی سالیان نے یہ بھی کہا کہ این آئی اے اس مقدمہ سے درست طور پر نہیں نمٹ سکتی اس لئے اسے یہ مقدمہ انسداد دہشت گردی اسکواڈ کو منتقل کردینا چاہئے۔