اینٹی نکسل آپریشن : بی ایس ایف کیلئے نئے ہیلی کاپٹرز

نئی دہلی ، 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس ایف ایر ونگ کو رواں سال کے ختم تک دو نئے اڈوانسڈ ملٹری ہیلی کاپٹرز حاصل ہوں گے تاکہ سکیورٹی فورسیس کو اینٹی نکسل آپریشنس میں مدد ملے۔ یہ نئے ہیلی کاپٹرز Mi-17 (V-5 کی طرز کے) اس پہلی کھیپ کا حصہ ہیں جو بارڈر سکیورٹی فورس کو آٹھ ہیلی کاپٹر کی معاملت کے تحت فراہم کئے جائیں گے، جو اس فورس کو اپنے فضائی بیڑے کی جدیدکاری کے حصہ کے طور پر ملنے کی توقع ہے۔ بی ایس ایف سربراہ سبھاش جوشی نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ ہمیں سپٹمبر تک دو ہیلی کاپٹرز حاصل ہونے کی امید ہے۔ یہ آٹھ ہیلی کاپٹر والے پیاکیج کا حصہ ہے جو ہماری ایر ونگ کو حاصل ہونے والا ہے۔ نئے ہیلی کاپٹرز گیارہ ہیلی کاپٹروں کے موجودہ بیڑے میں اضافہ ہوگا، جو موجودہ طور پر نکسل تشدد سے متاثرہ ریاستوں میں دستوں کی آمدورفت، اشیاء کی منتقلی اور زخمیوں یا مرنے والوں کو لے جانے کا کام انجام دے رہے ہیں۔ انڈین ایر فورس اور بی ایس ایف دونوں کے ہیلی کاپٹرز اس موجودہ بیڑے کا حصہ ہیں۔

حکومت مسلح افواج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی پابند :وزیراعظم
نئی دہلی۔ 26 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم منموہن سنگھ نے آج کہا کہ حکومت سنٹرل آرمڈ پولیس فورسیس کے پرسونل کو بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کی پابند عہد ہے ، جو اپنی جانوں کو جوکھم میں ڈالتے ہوئے نہایت نامساعد حالات میں قوم کی خدمت کررہے ہیں ۔ سنٹرل آرمڈ پولیس فورسیس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسس کے لئے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ان فورسیس (سی آر پی ایف ، بی ایس ایف ، سی آئی ایس ایف ، آئی ٹی بی پی ، ایس ایس بی ، آسام رائفلس اور این ایس جی ) کے مرد و خواتین اکثر و بیشتر اپنی جانوں کے لئے قابل لحاظ جوکھم کی حالت میں نہایت مشکل حالات میں کام کرتے ہیں۔