ایندھن کی قیمت میں تخفیف کافی تاخیر سے کی گئی : شیوسینا

ممبئی 5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایندھن کی قیمتوں میں تخفیف میں بہت دیر ہوگئی۔ شیوسینا نے آج دعویٰ کیاکہ مرکزی حکومت نے اِس دوران روزانہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت پر ایک لاکھ کروڑ روپئے کمائے ہیں۔ شیوسینا نے چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس کی مذمت کی کیوں کہ اُنھوں نے مبینہ طور پر تبصرہ کیا تھا کہ وہ بی آر امبیڈکر کی خدمت میں ریاست کو رہن رکھنے کے لئے بھی تیار ہیں۔ شیوسینا نے کہاکہ حکومت نے جمعرات کے دن پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ڈھائی روپئے فی لیٹر کی تخفیف کی ہے اور اِس کے لئے اکسائز ڈیوٹی میں کمی کی گئی۔ سرکاری زیرانتظام تیل کمپنیوں سے کہا گیا ہے کہ اُنھیں 9 ہزار کروڑ روپئے کا نقصان برداشت کرنا ہوگا۔ یہ نقصان بی جے پی زیراقتدار ریاستوں میں ایندھن کی قیمت میں کمی کا دوگنا ہے۔ مرکز کا فیصلہ اور حکومت مہاراشٹرا کا ایندھن کی قیمت میں کمی کا فیصلہ بہت تاخیر سے کیا گیا۔